کرم میں لڑائی جاری مزید 3افراد جاں بحق، 12سے زائد زخمی: مرنے والوں کی تعداد 10ہوگئی

کرم میں لڑائی جاری مزید 3افراد جاں بحق، 12سے زائد زخمی: مرنے والوں کی تعداد 10ہوگئی

کوہاٹ، پشاور، اسلام آباد (این این آئی، اپنے رپورٹرسے) قبائلی ضلع کرم کے کئی علاقوں میں فریقین کے مابین جھڑپیں جاری ہیں۔

 گزشتہ شب اور پیر کے روز لوئر کرم کے علاقہ خار کلی اور بالش خیل اور دیگر علاقوں تازہ جھڑپوں میں مزید3 افراد کے جاں بحق اور12 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد10 تک جاپہنچی ،50 زخمی ہوگئے ، تازہ ترین اطلاعات کےمطابق اپر کرم کے علاقوں کنج علی زئی ’ شنگاک ’ مقبل ’ بغکی’ کڑمان اور پاڑہ چمکنی کے مسلح لوگ مورچہ زن اور مدمقابل ہوکرایک دوسرے پرہلکے اور بھاری اسلحہ سے آزادانہ فائرنگ کررہے ہیں جو امن و امان قائم کرنے کے لئے انتہائی تشویشناک امرہے ، ضلع بھر میں خوف کے سائے منڈلارہے ہیں۔ انٹرنیٹ سروس معطل ، بین الاضلاعی شاہراہیں اور علاقائی سڑکیں بند اور بازاروں میں ہو کا عالم ہے ۔ادھر عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے حکومت سے کرم میں جاری لڑائی کو فوری طور پر روکنے اور امن کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ عوام امن کے قیام کیلئے راضی ہیں لیکن انتظامیہ نہیں مان رہی،ایسا تاثر کیوں دیا جارہا ہے کہ عوام امن چاہتے ہیں لیکن انتظامیہ کو امن سے کوئی سروکار ہی نہیں،انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت زمینوں کے تنازعات کے حل کیلئے ہنگامی طور پر لائحہ عمل تشکیل دے ،اے این پی کی ثالثی کے ذریعے اگر معاملات حل ہوسکتے ہیں تو ہم ہر حد تک جانے کو تیار ہیں،مزید بر آں امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ امین شہیدی نے ضلع کرم کے عمائدین، مشران کے ہمراہ نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرم میں چند شرپسند عناصر زمین کے تنازع کو فرقہ واریت سے جوڑ کر اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں جس کا خمیازہ کرم کے عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے ، ملک موجودہ صور تحال میں کسی ایسے فتنے کاقطعی متحمل نہیں ہو سکتا، پڑوسی ممالک سے آپریٹ ہونے والی اس گھنائونی سازش کو دانش و حکمت سے ناکام بنانے کی ضرورت ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...