پہلا ملجم جہاز پی این ایس بابر پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل

پہلا ملجم جہاز پی این ایس بابر پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل

اسلام آباد(اے پی پی)پاک بحریہ نے ترکیہ کے استنبول نیول شپ یارڈ میں منعقدہ کمیشننگ تقریب میں پہلا ملجم جہاز پی این ایس بابر کو بحری بیڑہ میں شامل کر لیا ہے۔

پاک بحریہ کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ تقریب میں وزیر قومی دفاع ترکیہ یاسر گلیراور پاکستان کے نگران وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اعلیٰ سول و عسکری شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر دفاع نے پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیا۔انہوں نے استنبول نیول شپ یارڈ اور ASFAT (ترک فرم) کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ترکیہ میں حالیہ تباہ کن زلزلوں کے دوران غیر معمولی تعاون پر حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ پاکستان کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدر نے اپنے خطاب میں پہلے ملجم جہاز کے منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے ہم آہنگی کی کوششوں پر وزارت دفاعی پیداوار پاکستان، وزارت قومی دفاع ترکیہ، ASFAT اور پاک بحریہ کے تعاون کی تعریف کی اور تمام ٹیموں کو اس منصوبے کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اس بات پر زور دیا کہ جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس پی این ایس ملجم جہاز خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے ۔انہوں نے دفاعی پیداوار بالخصوص میری ٹائم کے شعبہ میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر اظہار تشکر کیا۔پاکستان کیلئے ملجم کلاس کے چار جہازوں کی تعمیر کے معاہدے پر وزارت دفاعی پیداوار، پاکستان اور ASFAT کے درمیان 2018 میں دستخط کیے گئے تھے ۔ منصوبے کے تحت دو جہاز استنبول نیول شپ یارڈ میں جبکہ دو کراچی شپ یارڈ میں تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں