کم بجلی استعمال کرنیوالوں کو زائد بل بھیجے گئے، انکوائری کمیٹی کی تحقیقات مکمل: نیپرا نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد(نامہ نگار، نمائندہ دنیا)ڈسکوز نے 30 سے زائد دنوں کی ریڈنگ لے کر ایک کروڑسے زائد صارفین کو اضافی بل بھیجے، اووربلنگ کے معاملے پر نیپرا نے اپنی 3 رکنی کمیٹی کی 14 صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کردی، اتھارٹی نے کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
انکوائری رپورٹ میں ڈسکوز کے سارے ہتھکنڈے بے نقاب کردیئے گئے ، اتھارٹی نے تمام کمپنیوں سے وضاحت طلب کرلی، ایک ماہ میں خراب میٹر تبدیل اور اور غلط بل درست نہ کرنے پر قانونی کارروائی کا انتباہ بھی جاری کردیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈسکوز کی جانب سے اووربلنگ سے ایک کروڑ صارفین متاثر ہوئے ،51لاکھ سے زائدصارفین کو 32دن، 25لاکھ صارفین کو 33دن اور 10 لاکھ سے زائد صارفین کو 34دن کے بل بھیجے گئے ۔ 5 لاکھ سے زائد صارفین کو 35دن، 3لاکھ سے زائد صارفین کو 36دن اور 2 لاکھ 36ہزار سے زائد صارفین کو 37دنوں کے بل بھیجے گئے ۔ 2 لاکھ 13 ہزار سے زائد صارفین کو 38 دن،2لاکھ 8ہزار صارفین کو 39 دن اور 2لاکھ 49ہزار سے زائد صارفین کو 40دن سے زائد کی ریڈنگ لے کر بل ارسال کئے گئے ۔ زائد دنوں کی ریڈنگ لے کر کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے اگلے سلیب میں شمار کرکے اضا فی بل وصول کئے گئے۔
میٹر ریڈنگ کی تصویر نہ لینے اور خراب میٹر بروقت تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے ایوریج بل بھی بھیجے گئے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کمپنیاں نیپرا کی جانب سے منظور شدہ ٹیرف کی شرائط و ضوابط کے مطابق بل وصول کرنے میں ناکام رہیں، ڈسکوز نے کنزیومر سروس مینول کی شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صارفین کو غلط بل بھیجے ۔ رپورٹ میں قرار دیا گیا ہے کہ بجلی کمپنیوں نے اپنی نااہلی چھپانے کیلئے جان بوجھ کر بددیانتی کی جس سے صارفین کو زائد بلوں کا سامنا کرنا پڑا اور بجلی بلوں کی وصولی پر بھی اثر پڑا۔ نیپرا کے اعلامیہ کے مطابق اتھارٹی نے بجلی کمپنیوں کو نوٹس بھیج کر وضاحت طلب کرلی ہے اور 30 دنوں میں خراب میٹر تبدیل کرنے اور غلط بلوں کو درست کرنے کی ہدایت کی ہے بصورت دیگر مقررہ وقت تک عملدرآمد نہ کرنے پرکمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پالیسی کے مطابق میٹرتبدیل نہ کرنے پر کے الیکٹرک کو بھی نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کرلی گئی ہے ۔ یاد رہے کہ جولائی اور اگست میں بجلی کمپنیوں کی جانب سے اووربلنگ اور غلط میٹر ریڈنگ کرنے پر کثیر تعداد میں صارفین نے نیپرا میں درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ نیپرا نے اس معاملے پر 3 سینئر افسران کی ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر رپورٹ مانگی تھی۔ کمیٹی نے صارفین کی شکایات کا جائزہ لینے اور متعلقہ ڈسکوز کے دفاتر کا دورہ کرنے کے بعد ایک جامع رپورٹ نیپرا کو پیش کردی ہے جس میں ڈسکوز کو قصوروار پایا گیا اور ان پر اووربلنگ ثابت ہوگئی۔ نیپرا نے انکوائری رپورٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم بھی دیدیا ہے۔