پی ٹی آئی کاپشاورمیں کنونشن،انتخابی جلسوں کا اعلان

 پی ٹی آئی کاپشاورمیں کنونشن،انتخابی جلسوں کا اعلان

پشاور(نیوزایجنسیاں ) پشاور میں تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا ، کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ، تقریب کا آغاز پر نو مئی کو جاں بحق ہونے والے کارکنان کیلئے فاتحہ خوانی سے ہوا۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے نائب صدر ایڈووکیٹ شیر افضل مروت نے کہا 15 دسمبر کو پشاور میں جلسہ ہوگا جبکہ 22دسمبر کو وز یر آباد اور 24 کو جھنگ میں عوامی پنڈال سجائیں گے ۔ عوام نے ان کے پروگرام کو وڑنے کی قسم کھالی ہے ، ایک پروگرام سے اندازہ ہوگیا اب یہ سب کچھ نہیں چل سکے گا، خان کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہوگئے اور اب منتیں کررہے ہیں ۔انصاف کا یہ معیار ہے عدالتوں سے اشتہاریوں کو ریلیف مل رہا ہے اور نواز شریف آج دندناتا پھر رہے ہیں ۔ ان کی اپیلیں روزانہ سماعت کیلئے مقرر ہورہی ہیں لیکن ہمارے لیڈر کی اپیلوں کی تاریخ ہی نہیں دی جارہی ، پی ٹی آئی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک ہورہا ہے ، قانون کو پیروں تلے روندنے والوں کو ہم سے خطرہ ہے ۔مولانا فضل الرحمٰن کہہ رہے ہیں فروری میں برفباری ہوگی الیکشن نہیں ہوسکتے ، دراصل یہ ہمارے کنونشن دیکھ کر ڈر گئے ہیں، مگر یہ کہاں تک بھاگیں گے کیونکہ عوام نے انہیں اب چھوڑنا نہیں ۔انہوں نے اعتراف کیا ہم اندھے تھے جو بھروسہ کر کے محمود خان اور پرویز خٹک جیسوں کو لیڈر بنایا مگر مستقبل میں تحریک انصاف ایسی تاریخ نہیں دہرائے گی ۔ تیمور خان جھگڑا کنونشن میں منظر عام پر آئے اور دعویٰ کیا پی ٹی آئی 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کلین سویپ کرے گی ،اپنی قوم کے لیے 1ہزار سال جیل میں گزارنے کے لیے تیار ہیں لیکن کسی سے ڈیل نہیں کریں گے ۔ دوسری جانب پولیس روپوش رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے گیٹ کے باہر پہرہ دیتی رہی تاہم کوئی کامیابی نہ مل سکی۔تقریب میں روپوش ضلعی رہنماؤں کے علاوہ سابق ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی محمودجان، سابق ایم این اے ارباب شیر علی اور دیگر سابق اراکین صوبائی اسمبلی شریک ہوئے ۔ بعض رہنما موٹرسائیکل اور رکشے میں بیٹھ کر وہاں سے نکل گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں