زرداری سے ملاقات، قدوس بزنجو باضابطہ پی پی میں شامل

زرداری سے ملاقات، قدوس بزنجو باضابطہ پی پی میں شامل

لاہور (سپیشل رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات کے بعد بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ و بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما عبدالقدوس بزنجو،سابق وزیر سکندر عمرانی اور سید نظام الدین سمیت باضابطہ طور پر پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔

 زرداری سے ملاقات کے بعد بلوچستان کے دیگر سیاسی رہنماؤں سید حمید، نصیر احمد بزنجو، میر عبدالوہاب بزنجو سمیت دیگر بھی پی پی پی کا حصہ بن گئے ۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر نصیر مینگل کے صاحبزادے میر حمود الرحمن اور میر شفیق الرحمن بھی ملاقات کے بعد پی پی پی میں شامل ہوگئے ۔دوسری طرف آصف علی زرداری نے بلوچستان کی دیگر اہم شخصیات کو بھی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان سے مزید اہم شخصیات اورالیکٹیبلزکی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے ،باپ پارٹی کے سابق وزیر ضیا لانگو بھی پارٹی میں شمولیت کا عندیہ دے چکے ،تحریک انصاف بلوچستان کے سابق صدریارمحمد رند بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کر چکے ،پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیرٹرانسپورٹ عمرخان جمالی بھی جیالابننے کوتیار ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں