میجر جنرل(ر)پروفیسر ڈاکٹر نعیم نقی ایل ایم ڈی سی کے نئے پرنسپل تعینات
لاہور(سٹاف رپورٹر) میجر جنر ل(ر) پروفیسر ڈاکٹر نعیم نقی نے لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (ایل ایم ڈی سی)کے پرنسپل کے طورپر فرائض سنبھال لئے ،اس سے پہلے وہ سی ایم ایچ لاہور میڈیکل کالج اینڈ انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹسٹری کے سی ای/ پرنسپل کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے تھے۔
میجر جنرل (ر)پروفیسر ڈاکٹر نعیم نقی نے آرمی میڈیکل کالج راولپنڈی سے ایم بی بی ایس کے بعدکالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان سے میڈیسن میں فیلوشپ حاصل کی، بعد ازاں رائل انفرمری گلاسگو یوکے اور ایم ڈی اینڈرسن کینسر سنٹر یو ایس اے میں میڈیکل آنکولوجی میں آن جاب ٹریننگ کی،2002 میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان سے میڈیکل آنکولوجی میں فیلوشپ حاصل کی،انہیں2010 میں ایشین کلینیکل آنکولوجی سوسائٹی جاپان کی9 ویں بین الاقوامی کانفرنس میں بہترین تحقیقی مقالے کیلئے کوبایشی فاؤنڈیشن ایوارڈ سے نوازا گیا، ان کی کامیابیوں کی فہرست میں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال لاہور کے آنکولوجی سنٹر کا قیام، چھ میڈیکل آنکولوجسٹ اور بیس طبی ماہرین کی نگرانی اور تربیت اور محکمہ صحت پنجاب اور سی ایم ایچ لاہور کے ساتھ مل کر پوسٹ گریجویٹ تدریسی پروگرام کا آغاز ہے ،علاوہ ازیں وہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال لاہور کی تعمیر کی نگرانی کرنے والے پراجیکٹ مینجمنٹ بورڈ کے ممبراورکمبائنڈ ملٹری ہسپتال اور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج لاہور کی فیکلٹی کے بانی ممبر بھی ہیں، میجر جنرل (ر)پروفیسر ڈاکٹر نعیم نقی کو ان کی پیشہ وارانہ کامیابیوں پر 2018 میں ہلال امتیاز (ملٹری) کا ایوارڈ بھی دیا گیا،میجر جنرل (ر)پروفیسر ڈاکٹر نعیم نقی پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، سوسائٹی آف میڈیکل آنکولوجی پاکستان، پاکستان سوسائٹی آف کلینیکل آنکولوجی، کینسر ریسرچ گروپ پاکستان، امریکی سوسائٹی آف کلینیکل آنکولوجی، یورپی سوسائٹی آف میڈیکل آنکولوجی اورایشین کلینیکل آنکولوجی سوسائٹی کے ممبر بھی ہیں،ان کی تحقیق اور مقا لے قومی اور بین الاقوامی جرنلز میں شائع ہو تے ہیں، لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی انتظامیہ پر امید ہے کہ میجر جنرل (ر)پروفیسر ڈاکٹر نعیم نقی کی تعیناتی، دور اندیش قیادت، انتھک عزم اور غیر متزلزل تعاون سے کالج ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔