9 مئی جیسے واقعات کی منصوبہ بندی ہورہی: محسن نقوی

9 مئی جیسے واقعات کی منصوبہ بندی ہورہی: محسن نقوی

لاہور(سیاسی رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گرو مانگٹ روڈ گلبرگ میں سٹیٹ آف دی آرٹ میڈیسن ویئر ہاؤس کے توسیعی و اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔

 وزیر اعلیٰ نے میڈیکل ویئر ہاؤس کا دورہ کیا اور ادویات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سٹور کرنے کے نظام کا جائزہ لیا۔ادویات کی سٹوریج کے جدید نظام کا مشاہدہ کیا۔ بعد ازاں وزیراعلی ٰنے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اگر اب 9مئی جیسے واقعات دہرانے کی کوشش کی گئی تواسکا بڑاسخت رد عمل آئے گا۔ہم نہیں چاہتے کہ ایسے واقعات ہوں،ہماری ایسے واقعات سے نمٹنے کی بھرپور تیاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے پراسیس پراگر کوئی شکایات ہیں توشکایت کنندہ کو اپنا قانونی حق استعمال کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 9مئی جیسے واقعات کا ملک متحمل نہیں ہو سکتا اور نہ ہی اس کی اجازت دیں گے ۔ عوام گمراہ کرنے والوں سے بچیں پرامن احتجاج حق ہے ،کوئی نہیں روکے گا۔9مئی کی طرح کے کام کریں گے تو اس کا بندوبست 4گناہ زیادہ ہو گا۔پنجاب کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ 9مئی جیسے واقعات دہرانے کے بارے میں گفتگو کی گئی ہے اور یہ گفتگو پکڑی بھی گئی ہے ۔ میرا ووٹ ماڈل ٹاؤن کی بجائے ریواز گارڈن میں تھا،میں اس پر الیکشن کمیشن کو لکھ رہا ہوں۔نیٹ یا موبائل بند کرنا وفاقی حکومت کا فیصلہ تھا،پولیس اور حکومت پر اعتراض ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔آنے والے وزیراعلیٰ کیلئے نئے خواہشات اور دعائیں ہیں۔بیوروکریسی نے مہینوں اور سالوں کے کام ہفتوں میں کیے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے ویئر ہاؤس بننے سے ضائع ہونے والی ادویات کی مد میں 3سے 4ارب روپے بچ جائیں گے ۔چلڈرن،میو اور دیگر ہسپتالوں میں ادویات کے سٹور ز میں آتشزدگی کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔پنجاب 40ارب روپے کی ادویات خریدتا ہے ،میڈیسن سٹور کرنے کے لئے بڑے بڑے گودام چاہئیں۔نیا وئیر ہاؤس بہت اچھا ڈیزائن کیا گیا ہے، 17 لاکھ 40 ہزار مربع فٹ جگہ ادویات سٹور کرنے کیلئے میسر ہو گی۔ جی ا و آر میں سابق نیول وار کالج کی جگہ کمشنر لاہور ڈویژن کانیا آفس بن گیا۔وزیراعلیٰ نے افتتاح کردیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے میانوالی میں قبول خیل چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانیوالے پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں