وفاقی کابینہ:19اشیا پر سبسڈی ،رمضان پیکیج کی منظوری :آرمی چیف کو ترکیہ ایوارڈ وصول کر نیکی اجازت

وفاقی کابینہ:19اشیا پر سبسڈی ،رمضان پیکیج کی منظوری :آرمی چیف کو ترکیہ ایوارڈ وصول کر نیکی اجازت

اسلام آباد( خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) نگران وفاقی کابینہ نے یوٹیلیٹی سٹورز رمضان ریلیف پیکیج 2024 کی منظوری دے دی ،رمضان پیکیج کا اطلاق 4 مارچ سے ہو گا ،ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے 19بنیادی اشیاء پر رعایت دی جائے گی ۔

ای سی سی نے گزشتہ ہفتے یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان ریلیف پیکیج منظور کیا تھا۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر 7 ارب 49 کروڑ سے زائد کا پیکیج دیا جائے گا ، حکام کا کہنا ہے کہ آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل، چاول، دالوں پر سبسڈی جبکہ کھجور، بیسن، دودھ، مشروبات اور مصالحہ جات پر بھی رعایت دی جائے گی ۔ بی آئی ایس پی مستحقین کو رمضان پیکیج کے تحت ٹار گٹڈ سبسڈی ملے گی، ٹار گٹڈ سبسڈی کے علاوہ عام صارفین کے لئے بھی خصوصی رعایتی قیمت مقرر ہو گی ۔ کابینہ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو ترک حکومت کی جانب سے دیا جانے والا اعلیٰ ملٹری ایوارڈ وصول کرنے کی منظوری بھی دی ، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے اپنی ٹیم اور سول سرونٹس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اُن کا شکریہ ادا کیا ، اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے مختلف اداروں کی تنظیم نو، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار ی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے نگران حکومت کے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم منتخب حکومت کے لئے ایک ایسا لائحہ عمل دے کر جا رہے ہیں جو یقینی طور پر عوام اور قومی مفاد کے لئے مفید ثابت ہو گا۔ نگران حکومت کے تمام فیصلوں اور پالیسی سازی میں ملکی مفاد کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی ۔ ہمیں پاکستان کی ترقی و استحکام کے لئے مل کر کام کرنا ہے ،وفاقی کابینہ نے وزارتِ خزانہ کی سفارش پرمحترمہ لبنیٰ فاروق ملک کی ڈیپوٹیشن بطور ڈائریکٹر جنرل، فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی مدت میں 9 جون 2023سے 8 جون 2024 تک توسیع دینے کی منظوری دے دی ،کابینہ نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارش پر وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق حکومت پاکستان اور خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ فار ڈیٹ پام اینڈ ایگریکلچر انوویشن، یو اے ای کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی ، اس مفاہمتی یادداشت کے تحت پہلا پاکستان انٹرنیشنل ڈیٹ پام فیسٹیول ستمبر 2024 میں منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد پاکستان میں کھجور کی پیداوار کا فروغ ہے ۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 13 اور 14 کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں