پنجاب سے ن لیگ5،سنی اتحاد کے2امیدوار بلا مقابلہ سینیٹر منتخب :بلوچستان میں 11امیدوار بلا مقابلہ کامیاب

پنجاب سے ن لیگ5،سنی اتحاد کے2امیدوار بلا مقابلہ سینیٹر منتخب :بلوچستان میں 11امیدوار بلا مقابلہ کامیاب

لاہور،کوئٹہ،کراچی(سیاسی رپورٹرسے ،کورٹ رپورٹر،سٹاف رپورٹر،صباح نیوز)مسلم لیگ کے رہنما پرویزرشید، وزیر داخلہ محسن نقوی،سابق وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، ایمل ولی ، حامد خان ، راجہ ناصر عباس،احد چیمہ ،طلال چودھری سمیت پنجاب میں 7،بلوچستان سے 11امیدوار بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے ۔

پنجاب کی سات جنرل نشستوں پر بارہ امیدواروں کا مقابلہ تھا جن میں سے پانچ امیدواروں ولید اقبال، شہزاد وسیم ، اعجاز منہاس، عمر چیمہ اور مصدق ملک نے کاغذات واپس لے لئے ،جس کے بعد حکومتی اتحاد کے حمایت یافتہ محسن نقوی، مسلم لیگ ن کے پرویز رشید ، ناصر محمود بٹ ، احد چیمہ ، طلال چودھری جبکہ سنی اتحاد کونسل کے راجہ ناصر عباس اور حامد خان بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہو گئے ، مسلم لیگ ن کے مصدق ملک جنرل نشست سے دستبردار ہوگئے تاہم ٹیکنوکریٹ کی نشست پر الیکشن لڑیں گے ان کے علاوہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، سنی اتحاد کونسل کی ڈاکٹر یاسمین راشد بھی ٹیکنوکریٹ کی نشست پرامیدوار ہوں گی، پنجاب میں سینیٹ کے محاذ پر دو اپریل کو خواتین ، ٹیکنوکریٹ اور اقلیتی نشست پر مقابلہ ہوگا، ادھر سینیٹ انتخابات میں خواتین کی مخصوص نشست کے معاملے پرپیپلز پارٹی اور ن لیگ میں مذاکرات ناکام ہوگئے ۔مسلم لیگ ن نے خواتین کی نشست پر پیپلزپارٹی کو سپورٹ کرنے سے انکار کر دیا، جواب میں پیپلزپارٹی نے اپنی امیدوار فائزہ ملک کو دستبردار کرنے سے معذر ت کرلی، پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ سے فائزہ ملک کی حمایت میں اپنی ایک امیدوار دستبردار کرانے کی درخواست کی تھی ۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے انوشہ رحمن اور بشریٰ انجم بٹ امیدوار ہیں ، فائزہ ملک کاکہناہے کہ قیادت کی ہدایت پر انہوں نے کاغذات واپس نہیں لئے اور وہ الیکشن لڑیں گی اس طرح حکومتی اتحاد کی تین خواتین الیکشن میں امیدوار ہوں گی ،جبکہ سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید امیدوا ر ہوں گی ۔ اقلیتی نشست پر مسلم لیگ ن کے خلیل طاہر سندھو جبکہ سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق امیدوار ہیں ۔علاو ہ ازیں بلوچستان سے بلامقابلہ منتخب ہونے والے گیارہ سینیٹرز میں آزاد امیدوار انوار الحق کاکڑ ،ن لیگ کے سید ناصر اور آغا شاہ زیب، پیپلز پارٹی کے سردار عمر گورگیج، نیشنل پارٹی کے جان بلیدی،عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان ،ٹیکنو کریٹس کی نشست پر پیپلز پارٹی کے بلال مندو خیل اور جے یو آئی کے مولانا عبد الواسع ،خواتین کی نشستوں پرمسلم لیگ ن کی راحت جمالی اور پیپلز پارٹی کی حسنہ بی بی شامل ہیں۔مزید برآں سندھ سے 15 امیدوار دستبردار ہوگئے جبکہ پیپلز پارٹی کے 11 اور ایم کیو ایم پاکستان کے ایک امیدوار نے پارٹی ٹکٹ جمع کرایا ۔ انتخابات میں سندھ سے مختلف کیٹیگریز میں پیپلز پارٹی ، ایم کیو ایم پاکستان اور آزاد سمیت کل 20 امیدوار مدمقابل ہونگے جبکہ سندھ سے کوئی امیدوار بلا مقابلہ منتخب نہیں ہوا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں