وزیر اعظم کی اے پی این ایس وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی

وزیر اعظم کی اے پی این ایس وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی

اسلام آباد(نامہ نگار) وزیر اعظم شہباز شریف سے آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد نے یہاں ملاقات کی۔وزیراعظم نے وفد کو صحافی برادری کو درپیش تمام مشکلات حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو ان کی ذمہ داریاں نبھانے میں جہاں جہاں حکومت کی مدد درکار ہوگی ہم اس حوالے سے ان کا بھرپور ساتھ رہیں گے ۔

وفد نے منصب سنبھالنے پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے اے پی این ایس کے نو منتخب پینل کو مبارکباد پیش کی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پریس یقینی طور پر ریاست کا چوتھا ستون ہے ؛ معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں پریس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس یقینی بنانے اور عوام کو آگاہی کی فراہمی میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج کے ڈیجیٹل دور میں بھی پرنٹ میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچانے میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیک نیوز بہت بڑا چیلنج بن چکی ہے جس کے تدارک کے لیے حکومت اور میڈیا کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ حکومت پریس کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات بھی اٹھا رہی ہے ۔وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ صحافی برادری ذمہ دارانہ اور غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ وزیراعظم نے وفد کے شرکاء سے کہا کہ صحافی برادری پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے ۔ وفد میں ناز آفرین سہگل، سرمد علی، مجیب الرحمٰن شامی، شہاب زبیری، محمد اطہر قاضی، سید منیر جیلانی ، محسن بلال، مہتاب خان اور فیصل زاہد ملک شامل تھے ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسر موجود تھے ۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں