بلوچستان :طوفانی بارشیں، کئی مقامات پرسڑکیں ، پل بہہ گئے

بلوچستان :طوفانی بارشیں، کئی مقامات پرسڑکیں ، پل بہہ گئے

اسلام آباد، کوئٹہ ،استور (اپنے رپورٹر سے ، آن لائن ، اے پی پی) اسلام آباد میں ہلکی جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں تیزبارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی، گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بھی تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی ۔

ضلع استور کے بالائی علاقے دیوسائی ،چلم ،قمری ،منی مرگ میں ایک سے دو فٹ تک برف پڑی ہے ۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بارشوں کا یہ سپیل یکم اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ وادی کوئٹہ سمیت شمال مشرقی بلوچستان میں موسلادھار بارشوں، ژالہ باری اور گردآلود طوفانی ہواؤں نے تباہی مچادی ، سڑکیں اور پل بہہ جانے سے بین الصوبائی اور بین الاضلاعی رابطے منقطع ہوگئے جس سے بلوچستان کو روزمرہ اشیا جبکہ پنجاب کو سبزی اور کوئلے کی سپلائی معطل ہو گئی ۔ دکی، ہرنائی، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، سنجاوی سمیت کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال اور لینڈسلائیڈنگ سے جانی ومالی نقصانات ہوئے ۔گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی میں 40 اور چھور میں 38ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر ،وسطی/ بالائی پنجاب، اسلام آباد میں آج آندھی/جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں