فل کورٹ میٹنگ بلا کر تماشا لگا یا گیا،بڑی تحریک شروع کرنیوالے ہیں:پی ٹی آئی

فل کورٹ میٹنگ بلا کر تماشا لگا یا گیا،بڑی تحریک شروع کرنیوالے ہیں:پی ٹی آئی

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک )پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم نے چیف جسٹس پاکستان اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ججز کے خط نے ثابت کردیا کہ نظام انصاف مفلوج ہوچکا۔

فل کورٹ بلاکر تماشا لگایا گیا ، اب ہماری پریس کانفرنسز کا وقت گزر چکا اب ہم پورے پاکستان سے ایک تحریک کا آغاز کریں گے ہم سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے دروازے پر بھی جائیں گے ۔دوسری طرف تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کی حکمرانی کیلئے تحریک بہت جلد شروع کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم رئوف حسن، نعیم حیدر پنجوتھا ، شعیب شاہین، علی بخاری اور نیاز اللہ نیازی نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کی۔رؤف حسن نے کہا کہ چھ ججز کا خط انتہائی اہمیت کا حامل ہے خط میں سپریم جوڈیشل کونسل کو مخاطب کیا گیا ، بیڈرومز میں کیمرے لگائے گئے یہ انصاف کا اور قانون کا قتل ہے ، فل کورٹ بلاکر تماشا کیا گیا ہے ، کیا ایک نامزد ملزم کو حق ہے کہ وہ خود اپنے مقدمے میں جج بنے ؟ کیا وزیراعظم خود طے کرے گا کہ وہ مجرم ہے کہ نہیں؟ ہم یہ مذاق نہیں ہونے دیں گے ، 100 اور بھی ججز ہیں ہم چاہتے ہیں کہ وہ بھی اپنی آپ بیتی بیان کریں مزید ججز بھی بتائیں کہ ان پر کیا کیا دبا ؤڈالا گیا؟۔نعیم حیدر نے کہا کہ بانی چیئرمین اپنی سکیورٹی میں عدالتوں میں پیش ہوئے انہیں سکیورٹی بھی نہیں ملی، ہمیں کہا گیا بانی چیئرمین کی گرفتاری پر انکوائری کریں گے ، کہاں گئی وہ انکوائری؟۔نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ اس خط نے ثابت کردیا کہ نظام عدل مفلوج ہو کر رہ گیا ہے ،چیف جسٹس عامر فاروق کے بعد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے پاس خط گیا مگر کیا ایکشن لیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ کیا یوں کسی ریٹائرڈ جج کو انکوائری کے لیے بلایا جاتا ہے ؟ آپ نے ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ کر ہمیں الیکشن میں دھکیلا اس کے باوجود ہم جیت گئے ۔ اسد قیصر نے اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو مشورہ دیا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے روابط ختم کر دیں۔اسد قیصر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے علی امین گنڈاپور کا کوئی مطالبہ نہیں ماننا، وفاق نے ابھی تک ایک افسر بھی وزیر اعلیٰ کے کہنے پر نہیں لگایا جبکہ تاحال خیبر پختونخوا کے بقایاجات پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی جانب سے خط لکھنے کے بارے میں کہا کہ ججز پر دباؤ ڈالا گیا اور ڈرایا دھمکایا گیا، معزز ججز کی توہین میں وزیر اعظم شہباز شریف کا مکمل ہاتھ ہے ، 6 ججز نے جو بہادری دکھائی ہے یہ قوم کے ہیرو ہیں۔اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن بنائیں اور ججز کو مکمل انصاف فراہم کریں ۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ مفاہمت نہیں بلکہ مزاحمت کا وقت ہے ، بہت بڑی تحریک بہت جلد شروع کرنے جا رہے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں