پنجاب اسمبلی میں ضمنی بجٹ پر بحث مکمل، آج منظوری لی جائیگی

پنجاب اسمبلی میں ضمنی بجٹ پر بحث مکمل، آج منظوری لی جائیگی

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )پنجاب اسمبلی میں ضمنی بجٹ پر بحث مکمل کر لی گئی، آج ووٹنگ کے ذریعے منظوری حاصل کی جائے گی، اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے ضمنی بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ بجٹ میں دو سو آٹھ ارب روپے کا کچھ معلوم نہیں کہ کہاں خرچ ہوئے۔

یہ پیسہ سندھ ہائوس اور حکومت گرانے میں استعمال ہوا، حکومتی رکن بلال یامین 45،47کے بار بار ذکر پر اپوزیشن پر برس پڑے اور کہا یہ بھول جاتے ہیں کہ یہ کسی فیض کی گود میں بیٹھ کر خود فیضاب ہوئے ، شیخ امتیاز کاکہناتھاکہ کرپٹ پولیس کو ماتھے کا جھومر کہنے والے آئی جی کو ناک کا کوکا اور سی سی پی او کو پائوں کے گھنگرو بناکر کرپشن کا ننگا ناچ کر لیں، پنجاب اسمبلی کااجلاس ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنہڑ کی زیرصدارت دو گھنٹے 46منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاکہ میری بجٹ تقریر کی مکمل تیاری ہے ، بجٹ تقریر میں سارے حقائق سامنے رکھوں گا، سات ماہ پرویز الٰہی کی حکومت رہی حمزہ شہباز کی بائیس دن کی حکومت تھی جس میں کوئی سپلیمنٹری بجٹ پیش نہ کیا اور پانچ ماہ نگران حکومت کا بجٹ پیش ہوا ہے ، انتہائی افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے اپوزیشن لیڈر کو بھی بجٹ کتاب نہیں دیکھنی آتی، اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہاکہ جونقاط اٹھائے ہیں اس کو بجٹ میں شامل کر لیں ،ڈپٹی سپیکر ظہیر چنڑ نے ایجنڈا مکملُ ہونے پر اجلاس آج صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں