بھٹو کی آج برسی ،نانا اور والدہ کے عزم پر چلوں گا :بلاول

 بھٹو کی آج برسی ،نانا اور والدہ کے عزم پر چلوں گا :بلاول

اسلام آباد،لاہور (سٹاف رپورٹر،سپیشل رپورٹر) سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 45 ویں برسی آج سادگی سے منائی جائیگی اورملک بھر میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیاجائے گا جبکہ آج گڑھی خدابخش میں ہونیوالا جلسہ احترام رمضان المبارک میں ملتوی کردیاگیاتھا۔

جو اب 14اپریل کو ہوگا ۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی 45 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آج قوم جب اپنے عظیم لیڈر کا یومِ شہادت منا رہی ہے تو دکھ سے بھرا کسی حد تک یہ اطمینان بھی ہے کہ ملک کا نظامِ انصاف بالآخرشہید ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت میں اپنے شریک کردار کا اعتراف کرچکا ہے ۔ میں صدر مملکت آصف علی زرداری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جن کی جانب سے سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس دائر کرنا ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم لمحہ ہے ، جو درست وقت پر درست اقدام ہے ۔

پارٹی ذرائع کے مطابق آج ملک بھر میں دعائیہ تقریبات ہوں گی جس میں قائد عوام کی ملک و قوم کیلئے خدمات پر روشنی ڈالی جائیگی جبکہ برسی کے حوالے سے ملتوی کئے جانیوالا جلسہ 14اپریل کو گڑھی خدا بخش میں ہو ا۔دوسری طرف پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وائس چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے گزشتہ روز سینیٹر رانا محمودالحسن کے ہمراہ زرداری ہاؤس میں ملاقات کی، اس موقع پر سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔بلاول بھٹو زرداری سے شہید بشیر تنگی کے صاحبزادے منظور تنگی نے بھی ملاقات کی اورخیبرپختونخوا کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں