9 اپریل ایک سیاہ دن ، عید پر باہر نکلیں گے :حلیم عادل

9 اپریل ایک سیاہ دن ، عید پر باہر نکلیں گے :حلیم عادل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ 9 اپریل ایک سیاہ دن کے طور پر منایا جارہا ہے ، آج کے دن رجیم چینج آپریشن کی وجہ سے پی ٹی آئی کی حکومت گرائی گئی۔

 امریکی سازش کے تحت امریکی غلاموں نے ملک کی معیشت تباہ کی جس کے نتیجے میں حقیقی آزادی کی ایک تحریک شروع ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار نے انہوں نے منگل کوانصاف ہاؤس کراچی میں پی ٹی آئی رہنمائوں جمال صدیقی، راجا اظہر،فہیم خان، آغاارسلان، ارسلان خالد،اور محمد علی بلوچ کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کا کام لانڈری میں دھل کر واپس آنا تھا، انہوں نے 11 سو ارب کے اپنے قرض واپس معاف کرائے اور ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں شہری اور دیہی علاقے بھی تباہ ہیں،کچے اور پکے کے ڈاکوؤں کی نورا کشتی ہے ،ایم کیو ایم والے مینڈیٹ چوری کرنے کے بعد جعلی رکن بن کر اسمبلیوں میں جارہے ہیں، ایم کیو ایم ختم ہوچکی ہے ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی ملکر کھاتے ہیں، ایم کیو ایم کی ایک اسٹریٹ کرمنل سے زیادہ کوئی حیثیت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، عید کے روز پورے پاکستان میں عوام سے یکجہتی کے لیے باہر نکلیں گے ۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر نے کہا کہ شہر میں قتل وغارت کی مذمت کرتا ہوں، سندھ میں امن امان کی خراب صورتحال پر آئی جی سندھ مستعفی ہوں۔ پی ٹی آئی رہنما جمال صدیقی نے کہاکہ پیپلز پارٹی کو اس شہر سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ، پیپلز پارٹی کی حکومت نے ڈاکوؤں کو لائسنس ٹو کِل دیا ہوا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں