نکاح کیس:شکایت کنندہ پیش نہ ہوئے تو سزا معطلی پر فیصلہ سنادینگے،عدالت

نکاح کیس:شکایت کنندہ پیش نہ ہوئے تو سزا معطلی پر فیصلہ سنادینگے،عدالت

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے )ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں زیر سماعت دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں میں وکلاء کے دلائل جاری رہے جبکہ شکایت کنندہ کے وکیل راجہ رضوان عباسی کی عدم پیشی پر ایک بار پھر سماعت ملتوی کردی گئی۔

 جج نے کہا کہ اگر آئندہ سماعت پر شکایت کنندہ پیش نہ ہوئے تو سزا معطلی پر فیصلہ سنا دیاجائے گا۔بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل عدالت پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہاکہ اگر پراسیکیوشن آجائے اور بحث کرے تو میں بھی بحث کروں گا اور سزا معطلی کی استدعا کروں گا،سائفر کیس میں ایک روز وکیل دیر سے پہنچے تو سرکاری پراسیکیورٹر تعینات کرکے سزا سنادی گئی،راجہ رضوان عباسی آج نہیں آئے اور آئندہ ایک ہفتہ تک بھی نہیں آئیں گے ،اس پر جج شاہ رخ ارجمند نے کہاکہ آپ اپنے دلائل شروع کریں،کچھ تو کارروائی ہو،آپ نے گذشتہ سماعت پر کچھ معاونت کا کہاتھا،اپیل کنندہ وکیل عثمان گل نے دلائل شروع کرتے ہوئے مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالے دیئے اور کہاکہ ان کیسز میں سماعت رات دیر گئے تک ہوتی رہی ہیں،جج نے استفسار کیاکہ دیر گئے سماعتوں سے متعلق بھی کوئی فیصلہ موجود ہے کیا،جس پر وکیل نے کہاکہ نہیں،ایسا کسی عدالت کا کوئی فیصلہ موجود نہیں،ٹرائل کورٹ نے صبح،شام اور رات گئے تک سماعتیں کیں، ٹرائل میں قانونی تقاضے پورے نہ ہوئے اور ملزموں کو شفاف ٹرائل کا حق بھی نہ دیاگیا۔سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ یو ایس بی مل گئی ہے استدعا ہے عدالت اسے دیکھ لے ،عدالت نے عملہ کو دوران ٹرائل عدالت میں جمع کرائی گئی یو ایس بی چلانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی،اس موقع پر پراسیکیوٹر رانا حسن عباس بھی عدالت پیش ہوگئے اور کہاکہ میں نے تین سے چار پوائنٹس پر دلائل دینے ہیں، عثمان گل ایڈووکیٹ نے کہاکہ ٹرائل کورٹ میں اصل دستاویزات کی بجائے فوٹو کاپیوں پر سماعتیں کی گئیں،فوٹو کاپیوں کی بنیاد پر کیے گئے ٹرائل کو متعدد بار سپریم کورٹ نے ختم کیا،عون چودھری سیاسی حریف ہے جس نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیس کو مینج کیا،ریکارڈ پر موجود ہے خاورمانیکا سے قبل ایک نامعلوم شہری محمدحنیف نے شکایت دائر کی،پراسیکیوٹر راناحسن عباس نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہاکہ اپیل میں سرکار کو فریق بنایاگیاہے۔

مجھے اعتراض ہے ،وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ اگر فردجرم عائد کردی تو سرکار کو ہی فریق بنایا جائے گا،جج شاہ رخ ارجمند نے ریمارکس دیئے کہ پھر تو آپ کہیں کہ ریاست آپ کو سپورٹ کر رہی ہے ، سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ریاست کو ایسا ہی ہونا چاہیے ، میں پراسیکیوٹر راناحسن عباس کی تعریف کرتاہوں، رضوان عباسی کے معاون وکیل کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعاکرتے ہوئے کہاکہ آئندہ سماعت پر رضوان عباسی دلائل دیں گے ، ہمارے دلائل ضرور سنے جائیں۔سلمان اکرم راجہ نے استدعا کی کہ سزا معطلی پر تو فیصلہ جاری کیا جاسکتا ہے ،جج شاہ رخ ارجمند نے کہاکہ رضوان عباسی کے معاون وکیل کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا ہے ،معاون وکیل نے کہا کہ آئندہ سماعت پر رضوان عباسی دلائل دیں گے ، ہمارے دلائل ضرور سنے جائیں، سلمان اکرم نے کہاکہ جان بوجھ کر رضوان عباسی کمرہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے ،وکیل نے استدعا کی کہ سزا معطلی پر تو فیصلہ جاری کیا جاسکتا ہے ،جج شاہ رخ ارجمند نے کہاکہ رضوان عباسی کو وارننگ دیتے ہیں، سماعت کی تاریخ دے دیتے ہیں،سلمان اکرم نے بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی استدعا کردی جس پر جج نے کہاکہ اگر رضوان عباسی آئندہ پیش نہ ہوئے تو فیصلہ سنا دوں گا،جج شاہ رخ ارجمند نے کہاکہ آئندہ سماعت پر اگر اپیل پر دلائل نہ دئیے تو سزا معطلی پر دلائل سن لیں گے ،عثمان گل نے استدعا کی کہ ایک ہفتے کے لیے مشروط سزا معطلی کا حکم دے دیں،جج شاہ رخ ارجمند نے کہاکہ آئندہ سماعت پر اگر اپیل پر دلائل نہ دئیے تو سزا معطلی پر دلائل سن لیں گے ،عدالت نے عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت 15 اپریل تک ملتوی کردی،اس موقع پر سلمان اکرم راجہ نے جج سے کہاکہ ہمیں بہت افسوس ہوا۔ادھر عدالت نے سماعت کے حکم نامہ میں کہاہے کہ گزشتہ سماعت پر رضوان عباسی عدالت پیش نہیں ہوئے ،شکایت کنندہ کی جانب سے میڈکل سرٹیفکیٹ بھی نہیں لگایاگیا، اگر آئندہ سماعت پر شکایت کنندہ پیش نہ ہوئے تو سزا معطلی پر فیصلہ سنا دیاجائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں