اسرائیل پر ایرانی حملے نے دنیا بھر میں ہنگامی کیفیت طاری کردی

اسرائیل پر ایرانی حملے نے دنیا بھر میں ہنگامی کیفیت طاری کردی

(تجزیہ: سلمان غنی) ایران کی جانب سے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل حملوں نے دنیا بھر میں ایک غیر معمولی اور ہنگامی کیفیت طاری کردی اور حملہ کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسرائیل بھی ایران پر حملہ آور ہو سکتا ہے۔

 جس کیلئے اسے بعض عالمی و علاقائی قوتوں کی غیراعلانیہ آشیرباد بھی حاصل ہے کیونکہ یہ طاقتیں نہیں چاہئیں گی کہ ایران کا ردعمل کارگر ہو اور اس کے مقابلہ میں اسرائیل کو دفاعی پوزیشن میں جانا پڑے بظاہر تو امریکی صدر بائیڈن یہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ اسرائیل کے کسی جوابی حملہ میں وہ اس کے معاون نہیں بنیں گے لیکن حقیقت یہی ہے کہ امریکی تائید کے بغیر اسرائیل ایران پر حملہ آور نہیں ہوسکے گا اور نہ ہی وہ اس ردعمل کو ہضم کرنے کی پوزیشن میں ہوگا۔ لہٰذا اب اس امر کا جائزہ لینا ہوگا کہ ایرانی ردعمل کس حد تک نتیجہ خیز ہوگا کیا اسرائیل ایرانی عمل پر ردعمل ظاہر کرسکے گا۔جہاں تک ایران کے ردعمل کا سوال ہے تو یہ ردعمل متوقع تھا ۔ یکم اپریل کو دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر امریکی حملے اور ایرانی سفارتکاروں کی موت ایران کیلئے کھلا پیغام تھا ، ایران نے پیغام کو سمجھتے ہوئے ہی جوابی حملہ کی تیاری شروع کر دی تھی۔جہاں تک ایرانی ردعمل کے نتیجہ خیزی کا سوال ہے تو ایران نے ڈرون اور میزائل حملوں سے یہ تو باور کرا دیا ہے کہ ہم اپنے سفارتخانے پر حملہ ، سفارتکاروں کی شہادتیں ہضم کرنے کو تیار نہیں ۔اب بھی پاکستان نے فریقین کو تحمل سے کام لینے پر زور دیا ہے ۔ جہاں تک غزہ پر صورتحال کے اثرات کا تعلق ہے تو اب رفح پر اسرائیلی حملہ کا امکان کم ہوتا نظر آ رہا ہے جس کا اسرائیل نے اعلان کر رکھا ہے اور یکم اپریل کو ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے نے خود اسرائیل کو دفاعی محاذ پر لاکھڑا کیا ہے اور لگتا ہے کہ غزہ والوں کی آہیں اور سسکیاں اﷲ نے سن لی ہیں ۔ غز ہ کی فضا میں اسرائیلی طیارے دندناتے نظر نہیں آ رہے ، رفح پر بھی جارحیت کے اثرات کم ہوئے ہیں البتہ تنازع میں امریکی کردار ہی اہم ہے ایک طرف امریکا مان رہا ہے کہ اسرائیل پر ڈرون اور میزائلوں کو ناکام بنانے میں ان کا کردار رہا اور دوسری جانب وہ اسرائیلی جنگ کی صورت میں ساتھ نہ دینے کا عندیہ دے رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل امریکا کا فرنٹ مین ہے اور وہ اس کے استعمال کی قدرت رکھتا ہے اور اس کی آشیرباد کے بغیر نہ تو جنگ مسلط کرسکتا ہے اور نہ ہی جیت سکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں