رانا ثنا، جاوید لطیف میڈیا میں پارٹی سے اختلاف نہ کریں :عطا تارڑ

رانا ثنا، جاوید لطیف میڈیا میں پارٹی سے اختلاف نہ کریں :عطا تارڑ

اسلام آباد (نامہ نگار،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اﷲ تارڑ نے کہا کہ حکومت کی معیشت کو بہتر بنانے کی کوششوں کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔

 بلوچستان میں اپوزیشن جماعتوں کا پہلا جلسہ ناکام رہا، جس طرح تقاریر کی گئیں اس سے لگتا ہے کہ یہ کمپنی چلنے والی نہیں، یہ آپس میں دست و گریباں ہیں، تحریک انتشار میں پھوٹ ہے ،جاوید لطیف کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتا۔ رانا ثنا اللہ اور جاوید لطیف کی اپنی رائے ہے ، دونوں سے گزارش ہے میڈیا میں پارٹی سے اختلاف نہ کریں پارٹی کے اندر رہ کرکریں۔ بدھ کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا چند دنوں میں سعودی عرب سے ایک اعلیٰ سطح وفد پاکستان آئے گا اور معاہدوں پر دستخط میں پیشرفت ہوگی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کابینہ نے فیصلہ کیا ہے چاروں صوبائی حکومتوں کو خط لکھا جائے کہ گندم کی پروکیورمنٹ کے ہدف کو بڑھایا جائے اور اس کا ریٹ بھی اچھا مقرر کیا جائے ۔ وزیر اطلاعات نے کہا اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ، ان کی میں نہ مانوں کی سیاست نہیں چل سکتی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ فیض آباد دھرنے کے حوالے سے کابینہ اجلاس میں کوئی بات نہیں ہوئی۔ امید ہے قانون میں موجود طریقہ کار کی پیروی کرتے ہوئے 9 مئی کے کیسز جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے ،جن کے جرائم سنگین نہیں تھے انہیں عدالت سے ریلیف مل گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا دوست ممالک سے آنے والی سرمایہ کاری کے حوالے سے قیاس آرائیاں نامناسب ہیں،ملکی مفاد کو آگے رکھیں اور قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں