پنجاب:روٹی کی قیمت میں کمی کیلئے چھاپے گرفتاریاں،خیبرپختونخوا:فیصلے پر عمل نہ کر اسکا تو کرسی چھوڑ دونگا:علی امین گنڈا پور

پنجاب:روٹی کی قیمت میں کمی کیلئے چھاپے گرفتاریاں،خیبرپختونخوا:فیصلے پر عمل نہ کر اسکا تو کرسی چھوڑ دونگا:علی امین گنڈا پور

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب میں روٹی کی قیمت 16روپے مقرر کیے جانے کے فیصلے پر پوری طرح عمل نہ ہو سکا ،ضلعی انتظامیہ نے پولیس کے ساتھ لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں تنوروں پر چھاپے مارے اور نانبائیوں کو گر فتار کیا ہے ۔

پنجاب کی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ روٹی کی قیمت چار روپے کم اس لیے کی گئی ہے کیونکہ آٹا سستا ہوا ہے جس کا فائدہ ہم عوام تک پہنچانا چاہتے ہیں ۔انہوں  نے مزید کہا کہ ہم نے روٹی کی قیمت 16 روپے بلاوجہ ہی مقرر نہیں کی ہے بلکہ اس کے پیچھے پوری کیلکولیشن ہے ، جس میں ہر چیز کو مدنظر رکھا گیا ہے ۔ صوبے میں گیس اور آٹے کی قیمت اور دیگر اخراجات ڈال کر روٹی کی قیمت پندرہ روپے اور کچھ پیسے بنتی ہے جسے ہم نے 16 روپے کر دیا۔ نانبائی ایسوسی ایشن لاہور کے صدر آفتاب گل نے کہا کہ جب ہم نے آٹا مہنگا خریدا ہے ، بجلی اور گیس کی قیمت میں ہمیں کوئی ریلیف نہیں مل رہا تو ہم حکومت کی خوشنودی کیلئے اپنی جیب سے کیسے عوام کو یہ ریلیف دیں؟’ ایک تندور کے مالک محمد سلیم نے دعویٰ کیا کہ حکومتی نرخوں پر روٹی فراہم کرنے سے اُن کو نقصان ہو گا۔انہوں نے اپنے تندور کے اخراجات گنواتے ہوئے کہا کہ میں نے 20 کلو آٹے کا تھیلا 2200 روپے میں خریدا ہے ۔

اس کے بعد نان کے لیے فائن آٹے کا 80 کلو کا تھیلا 11300 روپے میں خریدا ہے ۔ گیس کا بل ہی چالیس، پچاس ہزار روپے آتا ہے ، پھر بجلی کا بل دینا ہوتا ہے ، اس کے بعد میرے پاس چار ملازم ہیں جن کو میں ماہانہ تنخواہ دیتا ہوں۔ ان سب خرچوں کے بعد پہلے ہی بہت کم بچت ہو پاتی تھی جبکہ اس حوالے سے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ نانبائیوں نے کون سا آٹا ذخیرہ کیا ہوتا ہے ، جو ان کو نقصان ہو گا۔ جہاں تک رہی بات سبسڈی دینے کی تو اس معاملے میں سبسڈی دینے کی ضرورت ہی نہیں ہے کیونکہ حکومتی تخمینوں کے مطابق روٹی کی اسی قیمت میں ان کے اخراجات پورے ہو رہے ہیں۔سیاسی تجزیہ کار سلمان غنی نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ابھی تک مجھے کوئی ایسی جگہ کم از کم لاہور میں تو نہیں ملی جہاں 16 روپے کی روٹی مل رہی ہو۔ان کے مطابق اس وقت ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وزیراعلٰی مریم نواز کے اوپر شریف خاندان کے نام کا دباؤ ہے ، جیسا کہ ماضی میں ان کے والد اور چچا نے کام کئے ہیں اسی طرح وہ بھی اپنے آپ کو منوانا چاہتی ہیں، تاہم ابھی تک ایسا ممکن ہوتا دکھائی نہیں دیا ہے ۔

 اسلام آباد،لاہور(اپنے نامہ نگارسے ،سیاسی رپورٹر سے ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے کہا کہ سستی روٹی پر عمل درآمد کراکر دکھاؤں گا، اگر عمل درآمد نہ کراسکا تو کرسی چھوڑ دوں گا۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹو کا ایک اور تجربہ کیا جارہا ہے ، قوم مزید تجربے برداشت نہیں کرسکتی، انہوں نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی حکومت ٹک ٹاک پرچل رہی ہے ، قوم کی بہتری کیلئے کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضل الرحمن کا تو گھر میں ووٹ نہیں ، میرا ورکر بھی فضل الرحمن کو شکست دے دے گا ۔ فضل الرحمن ساتھ دینے کو تیار ہیں تو کوئی مسئلہ نہیں، فضل الرحمن اپنا ریٹ لگوانا چاہ رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور سے گورنرحاجی غلام علی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اورصوبے میں بارش متاثرین کی امداد و بحالی کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلٰی نے بتایا کہ متاثرین کیلئے فنڈزجاری کردئیے گئے ہیں اور کوشش ہے کہ کوئی بھی امداد سے محروم نہ رہے ۔ بحالی و امدادی سرگرمیوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا۔ صوبہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری اوروزیر خوراک بلال یاسین نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں کوشش ہو گی کہ روٹی اور نان کی قیمت مزید کم کی جائے ،کسان کارڈ بھی متعارف کروانے جا رہے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ڈکشنری میں ناممکن کا لفظ نہیں ہے ،خیبر پختونخوا کی حکومت نے آج تک نہیں بتایا کہ عوام کے لئے کیا کر رہے ہیں، عوامی فلاح کے کام میں تنقید سمجھ سے باہر ہے ۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز ٹرینڈ سیٹر بن گئی ہیں،تمام صوبے ان کو کاپی کرتے ہیں ۔ علی امین گنڈاپور خود ٹک ٹاکر ہیں ہر کام میں مریم نواز کی کاپی کر رہے ہیں اور بیرسٹر سیف کا صابن تو بہت ہی سلو ہے ،عوام کو سستی روٹی کی فراہمی ہمارا مشن ہے اور اسے ہر صورت کامیاب بنائیں گے ۔ نواز شریف تین بار ملک کے وزیر اعظم رہے ،انہوں نے ملک کے لئے جو کچھ کیا کسی اور نے نہیں کیا ،ہم فخر کے ساتھ آٹے کے تھیلوں پر نواز شریف کی تصویریں لگاتے ہیں۔وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ ہمارا مشن ہے کہ نان 20 اور روٹی 16 روپے میں لازمی ملے ، جلد روٹی مزید سستی کرنے کیلئے اقدامات کرینگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں