پاکستانی حکومت کے تحفظات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں، ایکس

پاکستانی حکومت کے تحفظات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں، ایکس

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے کہا ہے کہ وہ ایکس کی بندش پر پاکستانی حکومت کی تشویش اور تحفظات کو سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے ۔

ایکس کے گلوبل گورنمنٹ افیئرز اکاؤنٹ پر یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل  ہی حکومت پاکستان نے یہ موقف اپنایا ہے کہ پاکستان میں ایکس کو قومی سلامتی کے خدشات پر بند کیا گیا ۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ‘چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ایکس کے کچھ اکاؤنٹس پر نفرت انگیز پروپیگنڈا مہم چلائی گئی، جو اس کی عارضی بندش کا سبب بنا لہٰذا ایکس کی بندش کا فیصلہ قومی سلامتی اور امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق چند شر پسند عناصر کی جانب سے امن و امان کو نقصان پہنچانے ، عدم استحکام کو فروغ دینے کے لیے ایکس کو بطور آلہ استعمال کیا جا رہا ہے ، ایکس کی بندش کا مقصد آزادی اظہار رائے یا معلومات تک رسائی پر قدغن لگانا نہیں ۔دوسری جانب ایکس پر پابندی کے خلاف کیس کرنے والے وکیل معیز جعفری نے بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ نے حکومت کو ایک ہفتے کے اندر ایکس سروسز بحال کرنے کی ہدایت کی ہے ۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق معیز جعفری نے بتایا کہ عدالت نے کہا کہ اگر حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہی تو عدالت مناسب حکم جاری کرے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں