سانحہ بشام:ڈائر یکٹر سکیورٹی داسو ہائیڈرو پروجیکٹ اور سپیشل یونٹ ذمہ دار:تحقیقاتی کمیٹی

سانحہ بشام:ڈائر یکٹر سکیورٹی داسو ہائیڈرو پروجیکٹ اور سپیشل یونٹ ذمہ دار:تحقیقاتی کمیٹی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بشام میں چینی انجینئرز کے قافلے پر خودکش حملے سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی کی تفصیلی رپورٹ سامنے آگئی۔تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر سکیورٹی داسو ہائیڈرو پراجیکٹ اورکمانڈنٹ سپیشل سکیورٹی یونٹ سکیورٹی لیپس کے ذمہ دار ہیں۔

 چینی انجینئرز کی گاڑی بلٹ پروف تھی لیکن بم پروف نہیں تھی تاہم سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق چینی انجینئرز کی گاڑی بلٹ پروف نہیں تھی۔ رپورٹ میں لکھا ہے کہ قافلے کی نقل و حرکت کی اطلاع روانگی سے ایک دن قبل 25 مارچ کو روایتی میل کے ذریعے دی گئی تھی جو 7 دن پہلے دی جانی چا ہئے تھی۔ اسی طرح ڈائریکٹر سکیورٹی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ نے صرف ڈی پی او اپرکوہستان کو اطلاع دی تھی، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس اور دیگر ڈی پی اوز کو اطلاع نہیں دی گئی جبکہ واپڈا نے انٹر سٹی موومنٹ کی پیشگی منظوری بھی نہیں لی تھی۔رپورٹ کے مطابق ڈی پی او اپرکوہستان کو 24 مارچ کو واٹس ایپ پر قافلے کے بارے میں معلومات ملیں تاہم انہوں نے کمانڈنٹ سپیشل سکیورٹی یونٹ کو آگاہ نہیں کیا اور ڈی پی او اپر کوہستان نے صرف ڈی پی او لوئرکوہستان کو آگاہ کیا، دیگرکو نہیں کیا۔رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ڈی پی او اپر کوہستان فارن نیشنلز سکیورٹی ڈیش بورڈ سے واقف نہیں تھے ، اسی طرح غیر ملکیوں کی سکیورٹی سپیشل سکیورٹی یونٹ لیڈ کرتی ہے جو واپڈا نے اپنے سکیورٹی گارڈز، ایف سی اور گلگت سکاؤٹس کے ذریعے دی تھی۔رپورٹ کے مطابق پر اجیکٹ کی لاگت کا ایک فیصد سکیورٹی کیلئے مختص کرنا ہوتا ہے ، واپڈا نے سکیورٹی کیلئے سپیشل سکیورٹی یونٹ کے ساتھ معاہدہ نہیں کیا۔سکیورٹی کیلئے رقم مختص کرنے کے معاملے سے واپڈا اور ایس ایس یو کے درمیان عدم تعاون کی فضاء قائم ہوئی تاہم کمانڈنٹ ایس ایس یو نے انکوائری کمیٹی کے سامنے ذمہ داری نہ لینے کو تسلیم کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں