بانی پی ٹی آئی کی زبان بندی کا فیصلہ چیلنج کرینگے :تحریک انصاف

بانی پی ٹی آئی کی زبان بندی کا فیصلہ چیلنج کرینگے :تحریک انصاف

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)تحریک انصاف نے کہاہے کہ بدترین انتقام کا نشانہ بننے والے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی زباں بندی سے لاقانونیت کی راہ پر کاربند ریاستی ناخداؤں کی معاونت سے عدالت کی ساکھ داؤ پر لگے گی۔

ترجمان نے عدالتی حکمنامے پر حیرانگی اور تعجّب کے اظہار کے ساتھ شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ عدالتیں دستور و قانون کی پابند ہیں، انہیں چاہئے کہ فیصلے صادر کرتے ہوئے آئینی حقوق کا خیال رکھیں،ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہاکہ عدالتی حکمنامے کا جائزہ لے رہے ہیں، اسے بالا عدالت میں چیلنج کرنے کے ساتھ قانون کے تحت دستیاب ہر ممکن چارہ جوئی کریں گے ۔تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر کی جانے والی اب تک کی کارروائی کو سرد خانے کی نذر کرنے کی سوچی سمجھی کوشش قرار دے دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کا خط نہایت سنجیدہ، حساس اور سنگین نوعیت کا معاملہ ہے ،چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے معاملے پر اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات ناکافی اور غیرمؤثر اور عدلیہ کے مستقبل کیلئے نہایت خطرناک ہیں۔ترجمان تحریک انصاف رئوف حسن نے چیف جسٹس آف پاکستان کے بیان پر پارٹی ردعمل جاری کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے اپنے خط میں جو بنیادی معاملہ اٹھایا اس پر کسی سنجیدہ اقدام کی بجائے چیف جسٹس نے اپنے خطبے میں اس کی نفی کرنے کی کوشش کی۔ پاکستان کی جانب سے امریکا کو دو اڈوں کی فراہمی کی مبینہ اطلاعات پر تحریک انصاف نے وزیراعظم سے فوری طور پر معاملے کی حقیقت قوم کے سامنے رکھنے کا مطالبہ کردیا۔ ترجمان نے کہاہے کہ قوم کو اعتماد میں لئے بغیر امریکا کو ہوائی اڈوں کی فراہمی کی مبینہ اطلاعات نہایت تشویشناک، قومی مفادات سے متصادم اور حکومت سے فوری جواب طلبی کی متقاضی ہیں،ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہاکہ امریکا کو فراہم کی جانے والی اس نئی سہولت کے اسباب و محرکات کیا ہیں اور اس باب میں طے پانے والے سمجھوتے کی نوعیّت کیا ہے ،قومی مفادات کی سودے بازی، پاکستان کو کسی نئے علاقائی تنازع یا بیرونی ایجنڈے کی بھینٹ چڑھانے کی کوئی کوشش قوم قبول کرے گی نہ تحریک انصاف اس کی اجازت دے گی، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف پارلیمان میں بھی اس معاملے کو اٹھائے گی اور غاصب سرکار سے جواب مانگا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں