پانی ضائع کرنیوالوں کو لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے :ہائیکورٹ

 پانی ضائع کرنیوالوں کو لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے :ہائیکورٹ

لاہور(کورٹ رپورٹر،اے پی پی )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی سماعت کے دوران پانی کے بچاؤ کیلئے نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں کارروائیاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جوڈیشل کمیشن کو حکم دیا۔

 کہ پانی ضائع کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے ۔جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس میں ہارون فاروق سمیت دیگر کی ایک ہی نوعیت کی دائر درخواستوں پر سماعت کی،جس میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے تدارک کیلئے اقدامات نہ کرنے کی نشاندہی کی گئی۔لاہور ہائیکورٹ کے روبرو ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ،واسا کی طرف سے سینئر لیگل ایڈوائزر عرفان اکرم ،اظہر صدیق اور متعلقہ محکموں کے افسر اور لا افسر پیش ہوئے اور اپنے محکموں کی رپورٹ پیش کی ۔جسٹس شاہد کریم نے دوران سماعت ریمارکس میں کہا ہے کہ یہ سارا ملک ہمارا گھر ہے ،یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر بچوں اوروالدین کو ساتھ لیکر صفائی مہم شروع کی جائے ،یہ کس قدر زیادتی ہے مزدور اس دن بھی مزدوری کرتا ہے اور ہم چھٹی مناتے ہیں۔وکیل ایل ڈی اے نے کہا کہ جوہر ٹاؤن کے علاقے میں غیر قانونی سرگرمیاں ہورہی ہیں ،کیفے مالکان عدالت سے حکم امتناعی لے آتے ہیں جس پر محکمہ کارروائی نہیں کرسکتا ۔ عدالت نے کہا کہ محکمہ متعلقہ عدالت جاکر حکم امتناعی ختم کروائے ،عدالت نے ریمار کس دیئے کہ ایک ضلع کا اگر ڈپٹی کمشنر کچھ کرنا چاہے تو انقلاب آ جائے ، مجھے تو سمجھ نہیں آتی یہ ڈپٹی کمشنر کرتے کیا ہیں ؟ ڈپٹی کمشنر بہت طاقتور ہے ، وہ صرف باہر نکل کر دیکھ لے کہ ہو کیا رہا ہے ۔ وکیل جوڈیشل کمیشن نے کہا کہ پولیتھین بیگ قابو سے باہر ہو چکے ۔ عدالت نے کہا کہ میں پولیتھین بیگ کے حوالے سے ڈی سیز کو ہدایت جاری کر دیتا ہوں۔ عدالت نے پولیتھین بیگ پر قابو پانے اور پانی کے بچاؤ کیلئے ہائوسنگ سوسائٹیز میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت تین مئی تک ملتوی کردی۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں