یوکرین سے کیڑے والی گندم خریدی گئی، قومی اسمبلی میں تقاریر

 یوکرین سے کیڑے والی گندم خریدی گئی، قومی اسمبلی میں تقاریر

اسلام آباد(نامہ نگار، سٹاف رپورٹر ) قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان نے کہا کہ یوکرین سے کیڑے والی گندم خریدی گئی، کسانو ں کا معاشی قتل ہورہا ،پنجاب میں اس وقت گورننس کا بحران ہے ،کسان شوگر مافیا کے ہاتھوں مجبور ہے ،کسانوں کا معاشی مسئلہ حل ہونا چاہئے ۔

اپوزیشن رکن جمشید دستی نے کہا کہ گندم ہماری تباہ ہورہی ہے ،ابھی تک کسان کے  ساتھ زیادتی ہورہی۔ حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ۔ یوکرین سے کیڑے والی گندم خریدی گئی کسانو ں کا معاشی قتل عام ہورہا ۔ رکن اسمبلی اعجاز الحق نے کہا کہ اس مرتبہ بمپر فیصل ہوئی صرف چھ ایکڑ والے کو باردانہ دیا جارہا اس سے زیادہ زمین والے کہاں جائیں ، پاسکو نے بہاولپور پر کوئی توجہ نہیں دی، پاسکو کا دفتر ہی نہیں ، پچھلی گندم سرکاری گوداموں میں پڑی ہے ۔ نکتہ اعتراض پر جمشید دستی نے  کہا کہ رات سے ہمارے گھروں پر چھاپے شروع ہوگئے ہیں،وزیر داخلہ سے پوچھتا ہوں کتنا ہمیں اور مارو گے ،ابھی آپ تھکے نہیں ہیں،محسن نقوی وزیر اعلٰی پنجاب تھے ، ان کی سرپرستی میں سارا ظلم ہوا، آئی جی پنجاب کو لگام دیں۔ ہم مرنے کو تیار ہیں، وزیر داخلہ بتائیں کہ ہمیں اور کتنا ماریں گے ۔ تھانے بکے ہوئے ہیں ۔رکن اسمبلی آسیہ اسحاق نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ کراچی میں آٹے کا بحران پہلے ہم دیکھ چکے ہیں،کراچی پانی ،بجلی اور گیس سے محروم ہے ،کراچی آٹے کا بحران مزید نہیں سہ سکتا۔رکن اسمبلی طاہر اقبال نے کہا کہ سارے معاشی سسٹم کو ٹھیک کرنے کی بات کررہے ہیں،سودی نظام جب تک دور نہیں کریں گے ،اس وقت تک معاشی ترقی نہیں ہوسکتی،۔ خالد لوند نے کہا کہ گھوٹکی میں دو روز قبل بھی پولیس اہلکار شہید ہوئے ، وزیر داخلہ کو ایوان میں بلایا جائے ۔

رکن اسمبلی میاں غوث محمد نے نکتہ ا عتراض پر کہا کہ پنجاب میں اس وقت گورننس کا بحران ہے ،کسان شوگر مافیا کے ہاتھوں مجبور ہے ،کسانوں کا معاشی مسئلہ حل ہونا چاہئے ،سپیکر نے مسئلہ حل کرنے کے لئے میاں غوث محمد کو چیمبر میں آنے کی ہدایت کردی۔ حاجی جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ میڈیا رپورٹ کے مطا بق گیس مہنگی ہو رہی ہے ، اگر یہ رپورٹ صحیح ہے تو یہ حکومت کے خلاف بڑی سازش ہے ۔ رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے متعدد ارکان کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا، صوبائی ارکان کے نام بھی ای سی ایل پر ڈالے گئے ۔ ہمیں عمرے پر جانے کی بھی اجازت نہیں ، اپوزیشن لیڈر و پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب خان نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے پارٹی رہنماوں کے گھر چھاپے مارے جارہے ہیں۔پولیس گردی ختم ہونی چاہئے ۔ اسلام آباد میں پُرامن ریلیاں نکلیں گی، کسی قسم کی دفعہ 144 کی ضرورت نہیں۔پنجاب کے مختلف شہروں میں دفعہ 144 نافذ کی جارہی ہے ،یہاں پر غیر قانونی چیف منسٹر پنجاب موجود ہیں،عمرایوب خان نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو شوکت خانم یا کسی اور پرائیویٹ ہسپتال سے علاج اور معائنے کی اجازت دی جائے ۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 17 پرامن اجتماعات کی اجازت دیتا ہے ۔یہ حکومت فارم 47 کی بیساکھیوں پر آئی ہے ۔ ہماری پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پولیس ہمارا کیک بھی اٹھا کر لے گئی۔ سنی اتحاد کونسل کے نومنتخب رکن فیصل امین خان نے حلف اٹھا لیا۔ بعدازا ں قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی سہ پہر 4 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں