پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، درجنوں مکانات تباہ

 پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، درجنوں مکانات تباہ

لاہور(اے پی پی، صباح نیوز)طوفانی بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے آزاد کشمیر کی جہلم ویلی میں تباہی،جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ، درجنوں مکانات تباہ، 3 افراد زخمی ہو گئے جبکہ پختونخوا میں تین روز سے جاری بارشوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 10 اور زخمیوں کی 14 ہوگئی۔

کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بندہونے پرسینکڑوں مسافر اور گاڑیاں پھنس گئیں،لاہور سمیت دیگر علاقوں میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی جہلم ویلی میں شدید بارش کی وجہ سے سرینگر،مظفرآباد شاہراہ پر مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور ضلع بھر کی درجنوں لنک روڈز مکمل اور جزوی طور پر بند ہو گئیں،متعدد مکانات مکمل اور جزوی طور پر تباہ ہو گئے ،چناری کے قریب درختوں سمیت پہاڑ نیچے آگرے ، نیلم کے مقام پربجلی کی جنرل لائن کے پول دریائے جہلم میں جا گرے جس سے سینکڑوں علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی، تمام ندی نالوں میں بڑے پیمانے پر طغیانی آگئی ،پختونخوا کے ضلع کوہستان میں مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند ہو گئی۔ گوجرانوالہ اورمضافات میں بارش اور ژالہ باری کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ بجلی کاترسیلی نظام بھی متاثررہا ۔ لاہور میں جیل روڈ پر 19 ، گلبرگ 13 ،اپر مال 24 ،مغلپورہ 11 ،تاجپورہ 16 اور چوک نا خدا میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔سب سے زیادہ بارش 27 ملی میٹر گلشن راوی اور لکشمی چوک میں ریکارڈ کی گئی، بارش کے بعد رات کو موسم سرد ہو گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں