کسانوں کا احتجاج جاری، علامتی طور پر گندم نذر آتش

کسانوں کا احتجاج جاری، علامتی طور پر گندم نذر آتش

لاہور،قصور،چیچہ وطنی (سپیشل کرائم رپورٹر، سپیشل رپورٹر، نمائندگان دنیا، نیوز ایجنسیاں) پنجاب میں گندم خریداری نہ کرنے پر کسانوں کے کئی شہروں میں احتجاج جاری رہا،علامتی گندم جلائی گئی ، جماعت اسلامی نے بھی کسانوں کے مطالبات کے حق میں مظاہرے کئے۔

قصور میں پولیس نے 30، چیچہ وطنی میں 26کسا نوں کو گرفتار کر لیا جبکہ لاہور سے احتجاج پر زیر حراست 30 کسانو ں کو رہا کر دیا گیا ۔دوسری طرف کسانوں سے گندم خریداری کے معاملہ پرپنجاب حکومت چھوٹے کسانوں کو سبسڈی دینے کی تجاویز طے نہ کر سکی ۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کی زیر قیادت پتوکی اور قصور میں کسانوں نے مظاہرہ کیا ،قصور پولیس نے مختلف اضلاع سے احتجاج میں آنے والے 30افراد کو گرفتار کر لیا۔ فیصل آباد میں مظاہرین نے ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج کے دوران علامتی طور پر گندم کو نذر آتش کیا ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر لاہور ،شیخوپورہ،نارووال میں بھی کسانوں کے مطالبات کے حق میں مظاہرے کئے گئے ۔ لاہور میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کاہنہ ، امیر العظیم نے مانگا منڈی میں مظاہرین سے خطاب کیا ۔ ادھر پیپلز پارٹی کسان ونگ وسطی پنجاب کے صدر عنایت علی شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلی ٰپنجاب گندم خریداری کے حوالے سے واضح اعلان کریں۔ دوسری جانب ذرائع محکمہ خوراک کے مطابق حکومت فی الحال کسانوں کو چند سو روپے فی من سبسڈی دینے پر غور کررہی ہے ۔ ادھر کسانوں نے ـ چیف سیکرٹری پنجاب سے مذاکراتی عمل موخر کرتے ہوئے بھرپور احتجاج کی کال دیدی ۔کسان اتحاد پاکستان کے مرکزی چیئرمین خالد حسین باٹھ ،مرکزی صدر میاں عمیر نے "روزنامہ دنیا"سے گفتگو میں کہا کہ اب قومی شاہراہوں ریلوے لائنز پر کفن پہن کر دھرنہ دینگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں