امر یکی سفیر کی پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات

امر یکی سفیر کی پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے وفد کے ہمراہ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی۔

ملاقات میں عمر ایوب کے ہمراہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اسد قیصر اور رؤف حسن بھی موجود تھے۔امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے اور اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ متنازعہ مخصوص نشستوں کے باعث صدر، وزیر اعظم، سپیکر کا انتخاب بھی متنازع ہو گئے ،یہ انتخابات دوبارہ کروانے پڑیں گے، شروع دن سے ہمارا یہی موقف تھا ۔امریکی سفیر سے پاکستان میں آئین اور قانون کی بالا دستی کے معاملات پر بات کی ، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی ، بے بنیاد مقدمات پر ضرور بات ہوئی۔ امریکی سفیر نے میڈیا کے متعدد سوالات کے باوجود کسی کا جواب نہیں دیا اور خاموشی سے پارلیمنٹ ہاؤس سے چلے گئے۔

عمر ایوب نے مزید کہا کہ ہم کسی غیر ملکی سفیر کے سامنے اپنے داخلی معاملات نہیں اٹھاتے۔ امریکی سفیر سے آئین قانون کی حکمرانی صاف شفاف جمہوریت کے معاملات پر ضرور بات ہوئی ۔ مخصوص نشستوں کے حوالے سے عمر ایوب خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا ہے ہم تو پہلے دن سے یہ بات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا حکومت فارم 47 کی بیساکھیوں پر بیٹھی ہے ۔ بڑے فیصلوں کے انکے پاس اختیار ہی نہیں ہے ،ملک میں اسوقت افراتفری ہے کاروبار ٹھپ ہیں ،مہنگائی آسمان سے چھو رہی ہے ، ایک ارب ڈالر کا گندم سکینڈل سامنے آ چکا ہے اور یہ ہاکی میچ کی طرح ایک دوسرے کو گیند پاس کر رہے ہیں ۔ انوار الحق کاکڑ اور حنیف عباسی کی گواہی آ گئی ہے ۔ جعلی حکومت کے بارے میں بھی اور گندم سکینڈل کے بارے میں بھی ۔دوسری طرف سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت اب دو تہائی اکثریت سے محروم ہوگئی ہے ۔ہمارے کسی کے ساتھ مذاکرات نہیں ہورہے ،عدالتی فیصلے کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ، کسی بھی جج کی مدت ملازمت میں توسیع نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہناتھا کہ الیکشن کمیشن نے ہماری 11 اقلیتی اور 67 خواتین کی ٹوٹل 78 نشستیں دوسری جماعتوں میں بانٹ دی تھیں، ان سیٹوں کی بنیاد پر حکومت دو تہائی اکثریت کی دعویٰ کر رہی تھی، اس سارے عمل میں ہم کہتے رہے کہ ہمارے ساتھ غیر آئینی سلوک ہوا۔ادھر تحریک انصاف نے 9 مئی کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا، خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے جنرل سیکر ٹری عمر ایوب نے کہا کہ 9 مئی کو پورے پاکستان میں پُرامن اور بھرپور احتجاج کریں گے۔ عمر ایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی ائی نے کہا تھا آخری بال تک ہمت نہیں ہاریں گے، ان سے مشاورت کے بعد شعیب شاہین کو تنظیم سازی کا ٹاسک دیا گیا ۔اجلاس میں خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے اسلام آباد پر قبضے کی توثیق کی جائے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں