تمام قیدیوں کی سکیورٹی اندرونی معاملہ،کسی ہدایت کی ضرورت نہیں:دفتر خارجہ

تمام قیدیوں کی سکیورٹی اندرونی معاملہ،کسی ہدایت کی ضرورت نہیں:دفتر خارجہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ، ایجنسیاں) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے سابق وزیراعظم بانی پی ٹی آئی سمیت پاکستان میں تمام قیدیوں کی حفاظت سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی تشویش پر ردعمل میں کہا کہ یہ پاکستان کا اندورنی معاملہ ہے۔

 ہمیں کسی کی ہدایات  کی ضروت نہیں ، ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی سکیورٹی پر امریکا کے ردعمل پر وضاحت دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ کا ایک آزادنہ اور شفاف نظام ہے ، عدلیہ قانون کے مطابق فیصلے کرنے میں آزاد ہے ، انصاف کی فراہمی پاکستان کی عدلیہ کا بنیادی ستون ہے ۔ پاکستان قیدیوں کے حوالے سے اپنے قوانین جن میں انصاف کی فراہمی بنیادی نکتہ ہے کے تحت عمل کرتا ہے ، بھارت کے ساتھ مذاکرات سے متعلق افواہوں پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم ایک بار پھر واضح کرتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہورہے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں بھارت کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوسکتے ، اس حوالے سے چلنے والی خبریں قیاس آرائیوں پر مبنی ہے ، عافیہ صدیقی کا معاملہ امریکا میں پاکستانی مشن دیکھ رہا ہے ،پاکستانی سفارتخانہ عافیہ صدیقی اور ان کی قانونی ٹیم سے رابطے میں ہے ، پاکستان اسرائیلی آباد کاروں کے غزہ میں اردن کے امدادی کارکنوں پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے کے حوالے سے حتمی تاریخوں کا اعلان نہیں کر سکتے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں