کنڈی، گنڈا پور میں محاذ آرائی،گورنر کا کے پی ہائوس اسلام آباد داخلہ بند انیکسی خالی،سامان باہر پھینکوا دیا

 کنڈی، گنڈا پور میں محاذ آرائی،گورنر  کا کے پی ہائوس اسلام آباد داخلہ بند  انیکسی خالی،سامان باہر پھینکوا دیا

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ اور گورنر کی جنگ کے پی ہاؤس اسلام آباد تک پہنچ گئی، علی امین گنڈا پور نے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا سامان باہر پھینکوادیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی علی امین گنڈا پور نے صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد گورنر فیصل کریم کنڈی کے خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد کر دی جبکہ کے پی ہاؤس انیکسی بھی خالی کرا دی اور ان کا سامان باہر نکلوا کر پھینکوا دیا ،گورنر بلاک وزرا اور ارکان اسمبلی کو دے دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور گزشتہ تین روز سے خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں قیام پذیر ہیں اور صوبے کے تمام معاملات یہاں سے چلا رہے ہیں ۔ تحریک انصاف کے رہنما فیصل امین گنڈاپور نے کہا کہ کے پی ہاؤس میں گورنر کا سامان تھا ہی نہیں۔ ایک بیان میں فیصل امین گنڈاپور نے کہا کہ گورنر کے پی دو نمبر طریقے سے فارم 47 کے ذریعے آئے ہیں، فارم 47 والے اسمبلی پہنچے ہیں اسی طرح یہ گورنر کے پی بنے ہیں۔فیصل امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت اور کابینہ نے فیصلہ کیا کہ وہ جگہ واپس لی جائے ، گورنر خیبرپختونخوا کی وہ جگہ نہیں تھی، وہ جگہ وزیرِ اعلیٰ اور کابینہ کی ہے ۔صحافی نے فیصل امین گنڈاپور سے سوال کیا کہ کیا گورنر کے پی کی تنخواہ اور تیل بھی ختم کریں گے ۔فیصل امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر گورنر کا رویہ ٹھیک نہ ہوا تو وہ بھی دیکھیں گے ۔ صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی دل نہ ہاریں، فیصلہ خیبر پختونخوا کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں کیا گیا تھا، کابینہ میں وزرا اور ممبران اسمبلی کے لیے رہائش کا مسئلہ درپیش تھا۔ گورنر انیکسی فی الحال ممبران صوبائی اسمبلی اور وزرا استعمال کریں گے ، گورنر کے لیے متبادل رہائشی بندوبست کیا جا رہا ہے ۔ فیصل کریم کنڈی فی الحال سندھ ہاؤس میں قیام کا بندوست کریں، ان کی رہائش کے لیے متبادل انتظام کیا جا رہا ہے ۔ گورنر خیبرپختونخوا کے اسلام آباد میں کئی گھر ہیں، ان کے لیے اسلام آباد میں رہائش کی کوئی کمی نہیں ۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں نے وزیرِ اعلٰی کو دعوت دی ہے کہ وہ آئیں تاکہ تعلقات بہترہوں۔ میں خیبر پختون خوا کا مقدمہ مرکز میں جا کر لڑوں گا، میں صوبے کے تمام سیاسی صدور کے پاس جانے کو تیار ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں