گندم :کسانوں کا آج وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر احتجاج

گندم :کسانوں کا آج وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر احتجاج

لاہور(سیاسی نمائندہ ،مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی اور کسان تنظیمیں آج گندم خریداری کے معاملے پر وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کریں گی ،دوسری طرف جماعت اسلامی نے پولیس کی جانب سے احتجاج کو روکنے کیلئے جماعت اسلامی کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارنے اور گرفتارکرنے کا الزام لگایاہے ۔

تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر جماعت اسلامی کسانوں کیساتھ ہونے والے ظلم کے خلاف آج وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر بھر پور احتجاج کرے گی جس میں پنجاب بھر سے بڑی تعداد میں کاشتکار شریک ہوں گے ۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے منصورہ میں دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے پنجاب حکومت کا رویہ شرمناک رہا ہے ،گندم درآمد کرنے کے ذمہ دار کرداروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ، جب تک حکومت کسانوں کی بات نہیں سنے گی ہم سٹرکوں پر ہی رہیں گے ۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاکہ کسان مارچ کے حوالے سے جماعت اسلامی کے رہنماؤں و کارکنوں کے گھروں پر پولیس چھاپوں اور گرفتاریوں کی مذمّت کرتے ہیں ،لاہور میں آج احتجاج لازمی ہوگا ، پنجاب پولیس ہوش کے ناخن لے اورکارروائیوں سے گریز کرے ۔گندم کی خریداری کے معاملے پر احتجاج کیلئے کسانوں کا قافلہ اوکاڑہ سے لاہور کی طرف چل پڑا ،کسان اتحاد کا کہناہے کہ قافلے کو اوکاڑہ بائی پاس پر پولیس نے روکااور بدتمیز ی کی ۔کسان رہنما خالد حسین باٹھ نے کہاکہ کسان اتحاد کے تحت کئی قافلے آج اورکل لاہور پہنچیں گے ،ہم نے پرامن احتجاج کی کال دے رکھی ہے ،اگر کسانوں کو روکا گیاتو اوکاڑہ بائی پاس اور ملتان روڈ پر احتجاج کرینگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں