اسلام آباد کے 2مقدمات میں بانی پی ٹی آئی و دیگر رہنما بری

اسلام آباد کے 2مقدمات میں بانی پی ٹی آئی و دیگر رہنما بری

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے)اسلام آباد کی مقامی عدالتوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور دیگر رہنمائوں کو آزادی مارچ اور دفعہ 144کی خلاف ورزی پر تھانہ کوہسار اور کراچی کمپنی میں درج مقدمات میں بری کر دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے بانی پی ٹی آئی، شیخ رشید، فیصل جاوید خان، علی نواز اعوان، شاہ محمود قریشی قاسم سوری ، راجہ خرم نواز اور دیگر ملزموں کی آزادی مارچ اور دفعہ144 کی خلاف ورزی پر تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں بریت کی درخواستیں منظور کیں ، دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے بھی آزادی مارچ اور دفعہ 144کی خلاف ورزی کے حوالے سے تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمے میں بانی پی ٹی آئی ، فیصل جاوید خان ، علی نواز اعوان ، سیف اللہ نیازی ، زرتاج گل ، اسد عمر اور دیگر ملزموں کی بریت درخواستیں منظور کر لیں ۔ دونوں مقدمات میں بریت کی درخواستوں پر وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد معزز عدالتوں کی جانب سے فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا نے بانی پی ٹی آئی کو تھانہ کھنہ کے 9 مئی کے مقدمے میں بری کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ۔ عدالت نے تفصیلی فیصلے میں کہا ہے کہ مقدمے کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے دیگر افراد کو اکسایا ، ان پر اکسانے کا کردار ادا کرنے کا الزام ہے ، جوڈیشل مجسٹریٹ کا تفصیلی فیصلے میں کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف ریکارڈ پر کوئی ثبوت موجود نہیں ، ان پر الزامات کا تعلق جوڑنے کے لئے شواہد موجود نہیں،ریکارڈ پر موجود شواہد بانی پی ٹی آئی کے خلاف الزامات ثابت کرنے کے لئے کافی نہیں ، عدالت ایسے ریکارڈ پر ملزم کے خلاف کیس آگے نہیں چلا سکتی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت قبل از گرفتاری کی سماعت 22 مئی تک ملتوی کر دی ،دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چودھری نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور کہا کہ ہم دلائل کے لئے تیار ہیں بس بانی پی ٹی آئی کو پیش نہیں کیا گیا ،عدالت نے سماعت 22 مئی تک ملتوی کر دی۔ وزیرآباد میں تحریک انصاف کے بانی پر قاتلانہ حملہ کے مقدمہ کامکمل چالان جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے عدالت میں جمع کروا دیا،خصوصی عدالت نے دو ملزموں کو بری کر دیا، بری ہونیوالوں میں ن لیگ کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات مدثر نذیر اور اس کا بھائی احسن شامل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں