ہتک عزت بل پر صحافیوں کے تحفظات کو دور کیا جائے :قائم مقام صدر

 ہتک عزت بل پر صحافیوں کے تحفظات  کو دور کیا جائے :قائم مقام صدر

لاہور(سپیشل رپورٹر )قائم مقام صدر مملکت و چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ہفتہ کے روز لاہور پہنچ گئے ۔ اولڈ ائیرپورٹپر کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود، ایڈیشنل چیف سیکرٹری احمد رضا سرور، ایڈیشنل آئی جی سلطان چودھری اور دیگر افسروں نے استقبال کیا۔

 انہوں نے اعلیٰ سرکاری افسروں سے ملاقات کی اور امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے پر پولیس فورس کی تعریف کی۔ اس موقع پر صدر مملکت کو ضلعی حکومت لاہور کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مناسب سپیس دی گئی تو پھر کابینہ میں شامل ہونے پر پارٹی قیادت سے مشاورت کی جائے گی،پیپلز پارٹی ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام چاہتی ہے ۔وہ لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں کی طرف سے والہانہ استقبال کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پرصدر پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ 3 مینارٹی ونگ لاہور چودھری عاصم، نائب صدر مینارٹی ونگ پنجاب ڈیوڈ سندھو، یونس شہزاد وقاص منشا پرنس ، ڈپٹی ایڈیشنل سیکرٹری منیر پیارا، نائب صدر مینارٹی ونگ لاہور یونس کھوکھر، عمران پال، عابد سندھو، ڈاکٹر یعقوب پال، طاہر پرویز کھوکھر، یونس بھٹی، انیل کھوکھر، اسحاق فیضان، محی الدین اور دیگر پارٹی کارکن موجود تھے ۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاقی اور پنجاب کابینہ میں شامل ہونے کا فیصلہ پنجاب کا شیئر دیکھ کر کرے گی۔ہتک عزت بل پر پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے تفصیلی بات ہوئی ہے ،پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ صحافیوں کے تحفظات کو دور کیا جائے ۔ اس موقع پر نو منتخب رکن قومی اسمبلی علی قاسم گیلانی، رکن قومی اسمبلی علی قادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی، رکن پنجاب اسمبلی و پارلیمانی لیڈر حیدر گیلانی بھی ہمراہ تھے ۔قبل ازیں یوسف رضا گیلانی کا ڈیفنس میں رہائشگاہ آمد پر جیالوں کا بینڈ باجے سے استقبال کیا گیا، پیپلز پارٹی اقلیتی ونگ پنجاب کے نائب صدر ایڈون سہوترا نے یوسف رضا گیلانی اور انکے صاحبزادوں کا استقبال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں