کانگو سے 2افراد کی موت، اٹک سے مویشیوں کی منتقلی پر پابندی

کانگو سے 2افراد کی موت، اٹک سے مویشیوں کی منتقلی پر پابندی

راولپنڈی، اٹک (خبر نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی) راولپنڈی کے بینظیر بھٹو ہسپتال میں کانگو وائرس کے 2 مریض انتقال کرگئے ، ہسپتال ذرائع کے مطابق رواں ماہ اٹک سے کانگو وائرس کے مریض لائے گئے اور ان کے خون کے نمونوں کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔

جاں بحق مریض شاہزیب کا تعلق تحصیل فتح جنگ،خیر خانم کا تحصیل جنڈ سے ہے ۔ بی بی ایچ انتظامیہ نے کمشنر،محکمہ صحت راولپنڈی کو کانگو مریضوں کے حوالے سے آگاہ کر دیا۔ کانگو وائرس کا تیسرا مشکوک مریض بینظیر بھٹو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ، ہسپتال کی انتظامیہ نے مریض عمران کو آئیسولیشن وارڈ منتقل کر کے اس کے خون کے نمونے حاصل کر لیے جو آج این آئی ایچ بھیجے جائیں گے ، مریض کا تعلق اٹک کی تحصیل حضرو سے بتایا جاتا ہے ۔ ادھر ضلعی انتظامیہ اٹک نے دوسرے علاقوں کو مویشیوں کی منتقلی پر پابندی لگادی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بین الاضلاع اور بین الصوبائی منتقلی پر پابندی 7 روز کیلئے ہوگی، ڈپٹی کمشنر کے مطابق عید الاضحیٰ کے پیش نظر مویشی منڈیوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ محکمہ ہیلتھ پنجاب نے ڈاکٹروں کی 9 رکنی خصوصی ٹیم اٹک بھیجنے کا فیصلہ کیا جو کانگو وائرس پھیلنے کی وجوہات کا پتا لگائے گی اور محکمہ لائیو سٹاک کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔ ڈپٹی کمشنر اٹک عاطف رضا نے اینٹی کانگو سپرے ،کمیٹیاں بنانے ، انسد ادی مہم کی نگرانی اور حفاظتی اقدامات،آگاہی مہم،مویشیوں کی صحت و نقل و حرکت کی نگرانی کیلئے چیک پوسٹوں کے قیام، کیٹل مارکیٹ کمیٹی کو جراثیم کش ادویات کے سٹاک کے احکا مات جاری کر دیئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں