امن کے بغیر معاشی استحکام ، ترقی ممکن نہیں، وزیر اطلاعات

 امن کے بغیر معاشی استحکام ، ترقی ممکن نہیں، وزیر اطلاعات

اسلام آباد (نامہ نگار ، اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار نیوکلیئر ملک ہے ، تمام ہمسایوں کے ساتھ امن چاہتے ہیں، امن کے بغیر معاشی استحکام اور ترقی ممکن نہیں، ہم امن کے خواہاں اور ملکی ترقی کے لئے کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کی رپورٹ کے اجراکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت کے گزشتہ دو ماہ کے دوران خارجہ پالیسی ہماری اولین ترجیح رہی ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا  کہ حال ہی میں پاکستان 182ووٹ لیکر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہوا جو ہماری خارجہ پالیسی کی ایک بڑی کامیابی ہے ، سلامتی کونسل کی دوبارہ رکنیت سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی مزید بہتر ہورہی ہے ،ہمارے پاس بہت سی ایسی خصوصیات ہیں جو دیگر ممالک کے پاس نہیں ، ہمارے پاس 66 فیصد نوجوان ہیں، پاکستان آئی ٹی کے شعبے میں بہت بڑی مارکیٹ ہے ۔ مشرق وسطیٰ پاکستان کو اتحادی سمجھتا ہے ، ہم جنگ نہیں امن چاہتے ہیں ، اس بار ہم نئے عزم کے ساتھ دوبارہ چین گئے ، ہم سی پیک فیز ٹو لانچ کرنے کے لئے چین گئے ، وزیراعظم نے چین جانے سے پہلے بھی یہی پالیسی بیان دیا، جبکہ چین آئی ٹی کی فیلڈ میں پاکستان کی طرف دیکھ رہا ہے کیوں کہ پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے ۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات کی وجہ سے چینی باشندوں کو یہاں ٹارگٹ کیا جاتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں