جنرل ساحر شمشاد کی ترکیہ میں عسکری قیادت سے ملاقاتیں

 جنرل ساحر شمشاد کی ترکیہ میں عسکری قیادت سے ملاقاتیں

راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ترکیہ میں اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں، دوطرفہ دفاعی تعاون بشمول سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد نے جوترکیہ کے سرکاری دورے پر ہیں، ترکش وزیر دفاع جنرل (ر)یاسر گلر، کمانڈر جنرل سٹاف جنرل متین گورک ، کمانڈر لینڈ فورسز جنرل سیلکوک بائراکتار اوگلو، کمانڈر نیول فورسز ایڈمرل ایرکیومنٹ تتلی اوگلو، فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا کامل کادیوگلو، صدر ایس ایس بی (دفاعی پیداوار سے متعلق سرکاری ایجنسی)ہالوک گورگن سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔عسکری قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔شاندار خدمات کے اعتراف میں جنرل ساحر شمشاد مرزا کو ‘‘لیجن آف میرٹ’’سے بھی نوازا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں