13بچوں کی ہلاکت:وزیراعلیٰ کی ساہیوال ہسپتال آمد،سانحہ پر معذرت،طویل انکوائری

13بچوں کی ہلاکت:وزیراعلیٰ کی ساہیوال ہسپتال آمد،سانحہ پر معذرت،طویل انکوائری

لاہور، ساہیوال (اپنے سٹاف رپورٹر سے ، نامہ نگار )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں 13 بچوں کے جاں بحق ہونے کے سانحہ پر غمزدہ خاندانوں کا دکھ بانٹنے پہنچ گئیں اور سانحہ پر خود معذرت کی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ایم ایس، اے ایم ایس اور ایڈمن آفیسر پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور فوری محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے سا نحہ کے حقیقی ذمہ داروں کا تعین کرکے نشان عبرت بنانے کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں 11بچوں کے جاں بحق ہونے کے سانحہ سے متعلق چار گھنٹے طویل انکوائری اجلاس ہوا۔وزیر اعلیٰ نے ساہیوال سانحہ کی تمام انکوائری رپورٹ کی سی سی ٹی ویڈیوز خود چیک کیں۔مریم نوازنے کہا کہ آپ کے ضمیر ملامت نہیں کرتے ،خود کو ان بچوں کے والدین کی جگہ رکھ کر دیکھیں۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق آگ بجھانے والے آلات اپریل سے ایکسپائر ہوچکے تھے ،اطلاع کے باوجود تبدیل نہیں کئے گئے ،کوئی مشق نہیں ہوئی کسی کو استعمال نہیں آتا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بچوں کو نکالنے والے ریسکیورز کو شاباش دی،انعام کا اعلان کیا اورسانحہ کی تفصیلات دریافت کیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ آگ لگی تو آگ بجھانے والے آلات کیوں نہیں لائے گئے ۔ ہیلتھ کو اربوں دے رہے ہیں، پھر غریب مریضوں سے داخلے کے لئے پیسے کیوں لئے جاتے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ بچوں کی اموات دم گھٹنے سے ہوئیں اور رپورٹ میں سب اچھا لکھا گیا۔کروڑوں کی مشینیں اور ادویات دیتے ہیں، ایکسرے اور دوائیاں باہر سے آرہی ہیں۔

والدین کی باتیں سن کر وزیر اعلیٰ مریم نواز افسردہ اور پریشان ہوگئیں۔سانحہ میں جاں بحق ہونے والی بچی عافیہ کے والد محمد علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ماں کی مانند ہوتی ہے ،انصاف کی توقع ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال گارڈز کے مریضوں سے رویے پر شدید برہمی کا اظہا رکیا اور ڈی پی او ساہیوال کو پیسے لینے کی شکایت پرسکیو رٹی گارڈز کی انکوائری کا حکم دیا۔مریم نواز نے تمام ہسپتالوں کے سکیورٹی آڈٹ کا حکم بھی دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ بچوں کے والدین کے غم میں برابر کی شریک ہوں، والدین کی داد رسی کے لیے حاضر ہونے آئی ہوں۔ بچھڑ جانے والے ننھے پھولوں کو واپس نہیں لا سکتے ،ان شاء اللہ پوری کوشش ہے ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔ وزیر اعلی ٰنے چارگھنٹے انکوائری کی جس کے بعد چار ڈاکٹروں کو گرفتار کرلیا گیا، جس پر ڈاکٹر مشتعل ہو گئے اور احتجاج کیا اس دوران ڈاکٹروں نے نعرے بازی کی جس پر پولیس نے ان پر لاٹھی چارج بھی کیا ، ہسپتالوں میں کام بند کر دیا تو ڈی پی او نے ڈاکٹروں کو رہا کر دیا ۔پورے پنجاب میں آؤٹ ڈور اور ان ڈور سروسز کو فوری بند کرنے کے اعلان کے بعد ڈاکٹرز کو رہا کردیا گیا ۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر میں دھرنا دیکر پریس کانفرنس کردی۔

سیکرٹری سی این ڈبلیو اور سیکرٹری صحت کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وائے ڈی اے کے صدر ڈاکٹر شعیب نیازی نے کہا کہ مریم نواز کے سارے نعرے غلط ثابت ہوئے ہیں اگر آپ مینڈیٹ لے کر آئے ہوتے تو آپ کو آج پرنسپل ،ڈاکٹر نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے ساتھ کئے جانے والے سلوک پر شرمندگی ہوتی ۔پنجاب حکومت کے ظالمانہ رویے کے خلاف آج پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور بند رکھے جائیں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان آج کیا جائے گا۔ادھر وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ارکان اسمبلی نے فیلڈ ہسپتال او رکلینک آن ویلز پراجیکٹ کو سراہا ۔ ارکان اسمبلی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو 100 دنوں میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر خراج تحسین پیش کیا ۔ ارکان اسمبلی نے کہاکہ فیلڈ ہسپتال او رکلینک آن ویلز پراجیکٹ سے عوام کو دہلیز پر ریلیف مل رہا ہے ۔ ملاقات کرنے والوں میں سعود مجید،رکن صوبائی اسمبلی ملک خالد محموداور عدنان افضل چٹھہ شامل تھے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے خون عطیہ کرنے کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے ان لوگوں کا شکریہ ادا کرنے کا دن ہے جو دوسروں کی زندگی بچانے کیلئے خون کا قیمتی عطیہ پیش کرتے ہیں۔ ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے پر میں ان تمام افراد کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے خون کا عطیہ دے کر جانیں بچائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں