اسد قیصر کا فضل الرحمن کو فون ، عید کے بعد ملاقات پر اتفاق

اسد قیصر کا فضل الرحمن کو فون ، عید کے بعد ملاقات پر اتفاق

پشاور(نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک )پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا مولانا فضل الرحمن کو ٹیلی فون ،عید کی مبارکباد دی ، دونوں رہنماؤں کے درمیان عید کے دو دن بعد ملاقات کرنے پر اتفاق ہوا ۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی ہوا ۔ رہنما تحریک انصاف اسد قیصر نے محمود اچکزئی کو ٹیلیفون کیا اور عید کی مبارکباد دی ۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں اپوزیشن الائنس کے آئندہ کے لائحہ عمل بارے گفتگو کی گئی اور دونوں رہنماؤں کے مابین آئندہ چند دنوں میں سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں بارے تفصیلی بات چیت بھی کی گئی ۔ادھر اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے رہنمااسد قیصر کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام سے پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کا انتقام لیا جا رہا ہے ،وفاقی حکومت جان بوجھ کر صوبے میں بدترین لوڈشیڈنگ کر رہی ہے ،حکومت نے ساری حدیں پار کردی ہیں۔رہنماپی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں غیر اعلانیہ شدید لوڈشیڈنگ پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ کے خلاف اسمبلی کے فلور پر بھی احتجاج کیا جائے گا اور عوام میں بھی جائیں گے ۔لوڈشیڈنگ کے باعث قربانی کا گوشت خراب ہورہا ہے ۔ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کا احترام کیا مگر انہوں نے حدیں پار کر دیں، ہماری زمینوں پر تربیلا ڈیم بنا ہے مگر اس کے باوجود لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر بھی احتجاج کریں گے اور بجٹ تقریر میں بھی اس ایشو کو اجاگر کریں گے ، ہمیں لوڈ شیڈنگ اور مہنگی بجلی منظور نہیں، یہ ظلم بند کیا جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں