کے پی کے والے تنقید کے بجائے کوڑا اٹھوائیں :عظمیٰ بخاری

کے پی کے والے تنقید کے بجائے کوڑا اٹھوائیں :عظمیٰ بخاری

لاہور(سپیشل رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز چھٹی والے دن بھی چھٹی نہیں کرتیں اس لئے انتظامیہ، میڈیا اور ہم سب کو کام کرنا پڑتا ہے۔

 وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا صفائی پر توجہ دینے کے بجائے دھمکیاں دیتے رہے ، یہ عید کے دن بھی نفرت پھیلانے سے باز نہیں آئے ، یہ لاہور آ جائیں، ہم بتائیں گے کہ کوڑا کیسے اٹھاتے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس میں کہاکہ عید الاضحی کے موقع پر صوبہ بھر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات احسن اندا ز میں کئے گئے ،پہلی دفعہ لاہور کی سڑکوں کو عرق گلاب اور فنائل سے دھویا گیا،18لاکھ 17ہزار بڑے اور چھوٹے جانوروں کی قربانی کی گئی ، جانوروں کی باقیات آلائشوں کیلئے شہریوں میں 32لاکھ ماحول دوست بیگز تقسیم کئے گئے ۔عید کے پہلے دو دنوں میں 1لاکھ 41ہزارٹن جانوروں کی باقیات، آلائشوں اور کوڑا کو گلی،محلوں اور شاہراہوں سے اُٹھا کر ڈمپنگ سائیڈ پر منتقل کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف خود صوبہ بھر میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے متحرک رہیں اور لمحہ بہ لمحہ رپورٹ لیتی رہیں۔ مریم نواز شریف نے ویسٹ مینجمنٹ کے اہلکاروں، لوکل گورنمنٹ کی ٹیم اور ایل ڈبلیو ایم سی کے عملہ کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کیلئے انعام کا اعلان بھی کیا ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے پی کے اور مشیر اطلاعات کے پی کے کو مشورہ دیا کہ وہ تنقید کرنے کے بجائے اپنے صوبے کا کوڑا اٹھوائیں۔کے پی کے کے وزیراعلیٰ کو گند اور تعفن میں رہنے کی عادت ہوگئی ہے لیکن انہیں عوام کیلئے صفائی کروانی چاہئے تھی ،وہ گر ڈٖ سٹیشن پر قبضے کررہے ہیں، ان کی دہشت گردی کی عادت نہیں جارہی ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تھریٹ الرٹس موجود ہونے کے باوجود سکیورٹی اداروں نے صوبہ پنجاب میں بہترین کام کیا اور وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر عید کے ایام میں مربوط سکیورٹی پلان کو مرتب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام میڈیا ورکرز اور کیمرہ مینوں کو نئی صحافی کالونی میں پلاٹس دیں گے جبکہ صحافی کالونی کے ایف بلاک کے مسئلے کو بھی جلد حل کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں