پاکستان کو دنیا میں کھویا مقام واپس دلائیں گے:وزیراعظم :سیاسی رہنماؤں سے رابطے

پاکستان کو دنیا میں کھویا مقام واپس دلائیں گے:وزیراعظم :سیاسی رہنماؤں سے رابطے

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا امید ہے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتیں اپنا اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

دن رات محنت سے پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے ،نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیاسی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطہ اور عید الاضحی کی مبارکباد دینے کے موقع پر کیا، وزیراعظم نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا اور انہیں وزیراعظم ہائوس آنے کا کہا ، امکان ہے کہ بلاول بھٹو وزیراعظم کی دعوت پر جلد ملاقات کریں گے ، ملاقات میں وزیراعظم کو وفاق اور پنجاب کے بارے میں تحفظات سے آگاہ کریں گے اس کے علاوہ بلاول بھٹو وفاقی بجٹ کے حوالے سے پارٹی کے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے ،شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری،جمعیت علمائے اسلام کے صدر مولانا فضل الرحمن ،مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت ،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے صدر خالد مقبول صدیقی ، عبد العلیم خان ، سردار خالد مگسی، سردار اختر مینگل ، آفتاب احمد خان شیرپاؤ ، پروفیسر ساجد میر،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن ، نیشنل پارٹی کے صدر عبدالمالک بلوچ اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی اور عید کی مبارکباد دی،دریں اثنا وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، وزیراعظم نے اس موقع پر یو اے ای کے صدر کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور باہمی تعلقات کو ایک پائیدار اور باہمی طور پر فائدہ مند سٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کیلئے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یو اے ای کے عوام کیلئے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں