پنجاب سے 1لاکھ 80 ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں

پنجاب سے 1لاکھ 80 ہزار ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں

لاہور (عمران اکبر )لاہور سمیت پورے پنجاب میں عید قربان کے موقع پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے اور صفائی کے بہترین انتظامات نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔

 پنجاب بھر کے تمام میونسپل اداروں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں، ضلعی انتظامیہ اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے پنجاب بھر میں صفائی کے لیے جدید طریقہ کار اپنایا ،ڈرون کیمروں اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے کنٹرول رومز میں 24 گھنٹے بلاتعطل مانیٹرنگ کی گئی ، جس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی ، تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں عید قرباں کے موقع پر جانوروں کی آلائشوں، باقیات اور فضلہ ٹھکانے لگانے کے لئے پنجاب بھر کے تمام میونسپل اداروں، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں، ضلعی انتظامیہ اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسروں سمیت، سینٹری ورکرز ،ڈرائیورز اورسپورٹ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، لا کھوں کی تعداد میں ماحول دوست ویسٹ بیگز تقسیم کئے گئے ، چھپ کر آلائشیں پھینکنے والوں کی ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ، ہیلپ لائن کا قیام اور گرینڈ صفائی آپریشن کی لائیو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول روم فعال کرنے جیسے اہم ا قدامات اس پلان کا بنیادی حصہ تھے ۔ عید کے پہلے روز آلائشیں جو پنجاب ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی جانب سے اٹھائی گئیں وہ 45 ہزار 984 ٹن تھیں۔دوسرے روز 45 ہزار 985 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں ،جبکہ عید کے تیسرے روز مجموعی طور پر 27 ہزار 556 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں۔یوں عید کے تین روز میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی جانب سے 1 لاکھ 19 ہزار 525 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔ مختلف کارپوریشنز کی جانب سے اٹھائی گئی آلائشوں کی کل تعداد 3 روز میں 61 ہزار 286 ٹن رہی،یوں عید کے 3 روز میں پنجاب بھر سے 1 لاکھ 80 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگا کر ایک عوامی خدمت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ ماحول کو خوشگوار رکھنے کیلئے شہروں کی سڑکوں پر فنائل کا چھڑکاؤ کیا گیا اور پانی میں عرق گلاب شامل کر کے صفائی کی گئی ۔ صوبے بھر کی عوام نے حکومت پنجاب اور مریم نواز شریف کو تاریخ میں پہلی بار پنجاب بھر میں مربوط نظام کے تحت آلائشوں اور باقیات کو تیز ترین رفتار سے ٹھکانے لگانے کی اس کاوش کو خوب سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں