وزیراعلیٰ مریم اور نواز شریف سے ایرانی سفیر کی ملاقات،گوشت کی درآمد بڑھانے پر اتفاق

وزیراعلیٰ مریم اور نواز شریف سے ایرانی سفیر کی ملاقات،گوشت کی درآمد بڑھانے پر اتفاق

لاہور (اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور صدر مسلم لیگ (ن)نوازشریف سے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارتی، ثقافتی، اقتصادی اور سماجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں پاک ایران بارڈر آف سکیورٹی کو بارڈر آف اکا نومی بنانے کی تجویز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ایران اور پنجاب کے درمیان زراعت، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں تعاون کے ا مکانات کا جائزہ لیا گیا۔ایران کی پنجاب سے گوشت کی امپورٹ 40فیصد سے 70فیصد تک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ باہمی تجارت 10ارب ڈالر تک بڑھانے کے معاہدے میں پنجاب کے تجارتی کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔پنجاب میں فارسی زبان کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ایرانی سفیر نے وزیراعلیٰ مریم کو دورہ ایران کا تحریر ی دعوت نامہ پیش کیا۔

ایران کے سفیر نے نوازشریف کوبھی دورہ ایران کی دعوت دی۔مریم نواز اور نوازشریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر رنج کااظہار کیا اور کہا ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقا کی شہادت پر ایران کے عوام کے دکھ کو دل سے محسوس کرتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہید ایرانی صدرابراہیم رئیسی سے ملاقات یاد گار رہی، ان کی شخصیت متاثر کن تھی۔ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا پاکستان کے ممنون ہیں،پاکستانی عوام نے دوستی کا پورا حق ادا کیا۔ ابراہیم رئیسی نوازشریف سے ملاقات کے متمنی تھے ، دورہ چین کی وجہ سے ملاقات نہ ہوسکی۔ پاکستان ایران کے لئے بہت خاص اہمیت رکھتاہے -شہید ایرانی صدر کے دورے کے دوران ہونے والے معاہدوں اور ایم او یوز کا تسلسل برقرار رہے گا-ایرانی سفیر نے مریم نواز کو خاتون وزیراعلیٰ کی حیثیت سے 100دن کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔اصفہان،مشہد اورلاہور کے جڑواں شہروں کے ثقافتی روابط کومزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دریں اثنا عید پر صفائی کے بہترین انتظامات پر وزیر اعلیٰ نے سینٹری ورکرز اور چیف آفیسرز کو وزیر اعلیٰ آفس بلا لیا، بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا اور شاباش دی۔ وزیر اعلیٰ کودو سینٹری ورکرز نے پنسل سے بنا پورٹریٹ پیش کیا ۔ مریم نواز نے سینٹری ورکرز میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔وزیر اعلیٰ اپنی نشست چھوڑ کر سینٹری ورکرز کے درمیان جا کر بیٹھ گئیں ،خواتین سینٹری ورکرز سے احوال دریافت کیا۔ مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا عید فیملی کے ساتھ نہیں منائی بلکہ پنجاب میں صفائی کرائی اور نگرانی کی۔ خوش ہوں اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا شرف عطا کیا ہے ۔صفائی عید تک محدود نہیں، ستھرا پنجاب ایسے ہی ہونا چاہئے ،ہر روز ایسے ہی پنجاب چمکانا ہے ،سینٹری ورکرز نے تین دن اتنی گرمی میں 20،20 گھنٹے کام کیا۔سب ہیروز کو بہترین صفائی پر شاباش دیتی ہوں۔سڑکوں کو ایسے دھویا کہ جیسے کوئی گھر کو صاف کرتا ہے ،بو ختم کرنے کے لئے عرق گلاب ملے پانی کا چھڑکاؤ کیا۔ اپنے ملک، صوبے اور شہر کو صاف رکھنا ہے ،سر فخر سے بلند کیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا تمام اضلاع میں ویسٹ مینجمنٹ کا سسٹم لا رہے ہیں، وسائل بھی مہیا کر یں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں