سیالکوٹ کوٹ ادو:غیرت کے نام پر ماں بیٹی ،پسندکی شادی کرنیوالا جوڑا قتل
سیالکوٹ، کوٹ ادو،ڈیرہ غازیخان(نمائندہ دنیا ،تحصیل رپورٹر،نامہ نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر) سیالکوٹ میں غیرت کے نام پر بیوی اور بیٹی جبکہ کوٹ ادو میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کردیا گیا۔
تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقہ پکی کوٹلی میں ضلع رحیم یار خان کے رہائشی مجتبیٰ نامی سکیورٹی گارڈ نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب 45سالہ بیوی بشریٰ بی بی اور 25سالہ بیٹی راحیلہ کو غیرت کے نام پر یکے بعد دیگرے چھری کے وار کر کے قتل کر دیا ،پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیں ، دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزم کوگرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ایک فیکٹری میں سکیورٹی گارڈ ہے ۔ادھر کوٹ ادو کے علاقے سناواں میں پسند کی شادی کرنیوالے میاں بیوی قتل،ساس کی مدعیت میں لڑکی کے بھائی، والد،سابق شوہرسمیت7نامزد10نامعلوم کے خلاف قتل،اقدام قتل کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا،پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں،آئی جی نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی،ملزموں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا حکم،مقامی پولیس نے گرفتاری کیلئے چھاپے شروع کردئیے ۔
پولیس کے مطابق شازیہ بی بی نے ایک سال قبل پہلے شوہر تنویر سے تنسیخ نکاح کرایااور طارق پرویز گشکوری سے پسند کی دوسری شادی کی تھی، شازیہ کے اہلخانہ نے طارق کیخلاف اغوا کا مقدمہ بھی درج کروایا جو نکاح نامہ ملنے کے بعد خارج ہوگیا تھا۔خاتون کے نزعی بیان اور اہلخانہ کے مطابق مقتولہ کے بھائی دلاور،والد ہاشم اور سابق شوہر تنویر ودیگر افراد گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کردیا۔مقتولہ کی ساس موضع جھنڈیر دریجہ کی رہائشی حسینہ مائی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ رات اسکے مقتول بیٹے طارق کے گھر میں مسلح افراد داخل ہوئے ، مارتے پیٹتے ہوئے مجھے رسیوں کے ساتھ جکڑ دیا اور کمرے میں سوئے ہوئے میرے بیٹے طارق اور اس کی اہلیہ شازیہ پر فائرنگ کردی، طارق موقع پر جاں بحق ہوگیا، شازیہ شدید زخمی ہوگئی،ارد گرد سے لوگوں کے جمع ہونے پر انہیں بھی دھمکیاں دیں،حملہ آوروں میں تنویر ،ہاشم ،طارق ،قادر بخش، وقار،سلیم،عاشق حسین جبکہ 10کے قریب نامعلوم افراد تھے ،ریسکیو کی مدد سے زخمی شازیہ کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس نے نزعی بیان بھی ریکارڈ کرایا جس میں ملزموں کے نام بتائے جس میں اسکا سابق شوہر ،بھائی اور والد شامل ہیں،اسی دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑگئی۔