کراچی : پی ٹی آئی ریلی پر پولیس دھاوا رہنماؤں سمیت2 درجن کارکن گرفتار

 کراچی : پی ٹی آئی ریلی پر پولیس دھاوا  رہنماؤں سمیت2 درجن کارکن گرفتار

کراچی (سٹاف رپورٹر)تحریک انصاف کراچی کی جانب سے عمران خان کی رہائی کے لئے کورنگی ڈیڑھ نمبر پر پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

جس میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، کراچی کے صدر راجا اظہر، جنرل سیکریٹری ارسلان خالد، سابق ایم این اے فہیم خان، پی ٹی آئی رہنما رضوان نیازی، ولی مغیری، رکن سندھ اسمبلی واجد علی ایڈووکیٹ، حارث میوو، یاسر بلوچ،معظم خان، عائشہ رشید سمیت دیگر رہنمائوں اور کارکنان نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا کو پولیس کی بھاری نفری نے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں راجا اظہر ، ارسلان خالد، ایڈووکیٹ ناصر سمیت ایک درجن سے زائد رہنما زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے رکن سندھ اسمبلی واجد حسین، ارسلان خالد، رضوان نیازی، حارث میوو، قدیر احمد سمیت دو درجن سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ریلی پر تشدد پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پر امن احتجاج ہر پاکستانی کا قانونی و آئینی حق ہے ، سندھ میں جمہوریت کے نام پر سویلین ڈکٹیٹرشپ قائم ہے ، پولیس نے ہماری پر امن ریلی کے شرکا کو بلا جواز تشدد کا نشانہ بنایا، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلاول زرداری کی جمہوری حکومت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے بانی چیئرمین کی رہائی کے لئے پر امن احتجاج کیا جارہا تھا، وہ قوم کے عظیم لیڈر ہیں، انہیں جھوٹے کیسز میں پابند سلاسل کیا ہوا ہے ۔ حلیم عادل نے کہا کہ پر امن تحریک جاری رہے گی، پولیس گردی سے ہمارے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہوسکتے ۔ راجا اظہر نے کہا کہ ہمارا احتجاج پر امن تھا، پولیس نے ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا ہے ، ایک تیسری قوت ہمارے احتجاج میں شامل ہوکر 9 مئی جیسا واقعہ کرانا چاہتی تھی۔ انہوں نے کہا ہم پر امن ہیں اور پر امن رہیں گے ، پولیس نے زیادتی کرتے ہوئے ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا ہے ، بلا جواز گرفتار کئے گئے پی ٹی آئی کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں