بلدیاتی انتخابات پنجاب اور اسلام آباد جلد آئینی تقاضے پورے کریں:چیف الیکشن کمشنر

بلدیاتی انتخابات پنجاب اور اسلام آباد جلد آئینی تقاضے پورے کریں:چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد (نیوز رپورٹر )چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندرراجہ نے کہاہے کہ تین صوبوں میں بلدیاتی انتخابات ہو چکے ہیں،اسلام آباد اورپنجاب میں بلدیاتی انتخابات کاانعقادالیکشن کمیشن کی آئینی وقانونی ذمہ داری ہے جس کیلئے الیکشن کمیشن تیارہے۔

ان خیالات کااظہار چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے  حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں کمیشن کے چاروں ارکان،سیکرٹری الیکشن کمشنر، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف سیکرٹری اورسیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب اورچیف کمشنراسلام آبادنے شرکت کی، چیف الیکشن کمشنر نے کہا پنجاب اور اسلام آباد میں بعض قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات التوا کا شکار ہیں،الیکشن کمیشن اسلام آباد اور صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے ،پنجاب میں حلقہ بندیوں کا کام پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ اسلام آباد میں 7ویں قومی مردم شماری کے مطابق موجودہ یونین کونسلز اور وارڈز کی حد بندی کا کام 23 جولائی تک مکمل ہو جائے گا،چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت دی کہ صوبہ پنجاب اور اسلام آباد میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے حوالے سے آئینی وقانونی تقاضوں کو جلد پورا کیا جائے تاکہ الیکشن کمیشن فوری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے اقدام اٹھائے ۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کمیشن کو بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن کے حوالے سے سمری وزیر اعظم دفتر بھجوائی جا چکی ہے جبکہ آئی سی ٹی لوکل گورنمنٹ ایکٹ2017ء کی سیکشن 17 میں درکار ترمیم کی سی سی ایل سی سے پہلے ہی منظوری حاصل کی جا چکی ہے ،چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بتایا کہ صوبہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ2022ء میں ضروری ترامیم اور نئے مسودہ قانون کی تیاری کے لیے کمیٹی کی سفارشات اگلے چند دنوں تک صوبائی کابینہ کو پیش کر دی جائیں گی،نئی مردم شماری کی روشنی میں نئی حلقہ بندیوں، لوکل ایریاز کی حد بندی، کونسلوں میں ممبران کی تعداد ازسرنو مقرر کرنے کابھی آغاز ہو چکا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں