افغانستان پر دوحہ مذاکرات آج، پاکستانی وفد شرکت کریگا

افغانستان پر دوحہ مذاکرات آج، پاکستانی وفد شرکت کریگا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کی میزبانی میں افغانستان سے متعلق تیسرے دو روزہ دوحہ مذاکرات آج سے شروع ہوں گے ، پاکستان کا وفد بھی دوحہ قطر میں مذاکرات میں شرکت کرے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان  آصف درانی اور احمد نسیم وڑائچ پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔ رواں برس تیسرے دوحہ مذاکرات و کانفرنس میں افغان عبوری حکومت باقاعدہ شرکت کرے گی۔افغان طالبان عبوری حکومت نے دوسرے دوحہ مذاکرات میں افغان خواتین و سول سوسائٹی کے نمائندوں کی شرکت پر بائیکاٹ کیا تھا، پہلی بار دنیا بھر کے افغانستان پر خصوصی نمائندے افغان طالبان کے سامنے بیٹھیں گے ۔ افغان سول سوسائٹی و خواتین کے نمائندے دوحہ مذاکرات کے بعد 2 جولائی کو افغانستان پر خصوصی نمائندوں سے بات چیت کریں گے ۔تیسرے دوحہ مذاکرات میں افغان طالبان، افغانستان عبوری حکومت کو تسلیم کرنے پر پیش رفت خارج از امکان ہے ۔ مذاکرات میں افغانستان کی سلامتی کی صورت حال، افغانستان میں انسداد منشیات، پوست کی کاشت کی حوصلہ شکنی، ماحولیاتی تبدیلیوں و صحت عامہ کی صورتحال پر بات چیت ہو گی۔مذاکرات میں 25 ممالک کے سفارت کاروں اور خصوصی نمائندوں کی شرکت متوقع ہے ۔مذاکرات میں میزبان جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ انتونیو گوتریس اور نمائندہ خصوصی بھی شرکت کریں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں