لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش، گرمی کی شدت میں کمی

لاہور سمیت مختلف شہروں میں  بارش، گرمی کی شدت میں کمی

لاہور، اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک)لاہورسمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح کے وقت بارش سے موسم خوشگوار،گرمی کی شدت کم ہوگئی۔ گڑھی شاہو، مال روڈ، ڈیوس روڈ، فیروزپور روڈ، شالیمار، باغبانپورہ، گوالمنڈی، گلشن راوی، سمن آباد ودیگرعلاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔

اٹک، گجرات ، گجرانوالہ، مریدکے ، کامونکی، شرقپور اور حافظ آباد میں بھی بادل برسے ، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ،شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ موسمیات نے آج جمعہ سے 7 جولائی تک کراچی سندھ ، ژوب، موسی ٰخیل ،بارکھان، خضدار ودیگرعلاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی ۔اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، مانسہرہ اورکوہستان کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال،طغیانی ، ایبٹ آباد، دیر، سوات، کشمیر،ڈی جی خان، لاہور، سیالکوٹ، گجرانوالا، نارووال،فیصل آباد اور پشاور میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقے لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے کا خطرہ ہے ۔ آج شام سے مشرقی سندھ میں مون سون ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے ۔پی ڈی ایم اے نے اربن فلڈنگ کے خدشہ پر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ۔ادھرکوئٹہ سمیت بلو چستان کے بیشتر علا قے شدید گرمی کی لپیٹ میں آگئے ، نوکنڈی،دالبندین اورمیدانی علا قوں میں درجہ حرارت 48رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں