ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ہدف ، کارکردگی میں تسلسل کیلئے فٹنس ضروری : جیسن گلیسپی

ورلڈ  ٹیسٹ  چیمپئن  شپ  ہدف  ،  کارکردگی  میں  تسلسل  کیلئے  فٹنس ضروری  :  جیسن  گلیسپی

کراچی (سپورٹس ڈیسک)قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیپسی نے کہاہے کہ پاکستانی ٹیم با صلاحیت ہے ،اس کی پرفارمنس میں تسلسل کا نہ ہونا اہم مسئلہ ہے ۔۔

خواہش ہے کہ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی مکمل طور فٹ ہوں اور فٹ رہنا کھلاڑی کی اپنی ذمہ داری ہے اس سے کارکردگی میں تسلسل آجائے گا۔گزشتہ روزکراچی پہنچنے کے بعد نیشنل سٹیڈیم میں پریس کانفر نس کرتے ہوئے ریڈبال کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ہمارا اصل ہدف ہے اور اس کیلئے بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے ،جتنی زیادہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں گے اتنا ہی فائدہ ہوگا۔ میں ٹیسٹ کپتان شان مسعود سے رابطے میں رہا ہوں جب کہ کوچنگ سٹاف سے بھی پاکستانی ٹیم کے حوالے سے بات چیت ہوتی رہی ہے ، میں مثبت کھیل کو ترجیح دیتا ہوں اور مکمل ٹیم ورک کے ساتھ پاکستان کو اچھا پرفارم کرتا دیکھنا چاہتا ہوں۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستان اچھی فیلڈنگ سائیڈ ہے لیکن کچھ کمزوریاں بھی ہیں، شائقین پاکستانی ٹیم کی فیلڈنگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، ہر مسئلے کا حل بر وقت نکالنا ضروری ہوتا ہے ۔ وائٹ بال کرکٹ ہیڈکوچ گیری کرسٹن کی ذمہ داری ہے اور میں انہیں صرف تجاویز دینا چاہوں گا۔جیسن گلیپسی نے کہا کہ ایک طویل عرصے کے بعد پاکستان آیا ہوں اور ریڈ بال کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کا موقع ملا ہے ،پاکستان ٹیم کے سابق آسٹریلوی کوچز سے بھی تبادلہ خیال کرچکا ہوں، شان ٹیٹ اور دیگر کوچز نے پاکستان کے حوالے سے کافی مثبت رپورٹ دی ہے ۔ان کا کہناتھاکہ ہرمیچ کیلئے ٹیم کا انتخاب حریف اور کنڈیشنز کے مطابق کریں گے ، میری ساری توجہ ٹیسٹ ٹیم کو بڑی ٹیموں کے خلاف جیت دلوانے پر ہوگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں