اسلام آبادکے حلقے : مبینہ دھاندلی کیخلاف آج سماعت،سکیورٹی سخت

اسلام آبادکے حلقے : مبینہ دھاندلی کیخلاف آج سماعت،سکیورٹی سخت

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )وفاقی دارالحکومت کے 3حلقوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی امیدواروں کی پٹیشنز پر سماعت آج ہو گی،الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس طارق محمود جہانگیری سماعت کریں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سکیورٹی انتظامات سے متعلق جاری سرکلر کے مطابق خصوصی پاسز والے افراد ہی کمرہ عدالت جا سکیں گے ۔ اسلام آباد انتظامیہ اور آئی جی باقاعدہ انتظامی وسکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں،درخواست گزاروں سمیت ان کے 25 وکلاء کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی،اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل آفسز کی جانب سے صرف ایک، ایک لاء افسر کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی،سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے 30 صحافیوں کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی،تمام فریقین عدالتی کارروائی کیلئے اپنے منتخب افراد کی فہرست رجسٹرار آفس میں جمع کرائیں،اسلام آباد ہائیکورٹ کے ملازمین و اہلکار اپنامحکمانہ کارڈ دکھا کر ہائیکورٹ میں داخل ہو سکیں گے ۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی امیدوار عامر مغل، علی بخاری اور شعیب شاہین نے مبینہ دھاندلی کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل سے رجوع کر رکھا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں