ڈرگ مافیا کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ، پلان طلب

ڈرگ مافیا کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ، پلان طلب

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی نے ڈرگ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔ وزیر داخلہ نے اے این ایف ہیڈ کوارٹر زاسلام آباد کا دورہ کیا ، اس موقع پر وزیر داخلہ کا ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید نے خیر مقدم کیا ۔

محسن نقوی نے اے این ایف ہیڈ کوارٹر زمیں یادگارِ شہداء پر حاضری دی ، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی جس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ کی زیر صدارت اے این ایف ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا ۔وزیر داخلہ نے کم وسائل کے باوجود ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائیوں پر اے این ایف کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے عوام کو منشیات سے بچانے کیلئے ڈرگ مافیا کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے جامع پلان طلب کیا گیا ۔ جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سرکاری و نجی جامعات، کالجز اور ہاسٹلز میں منشیات کی خرید و فروخت روکنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔ اعلامیہ کے مطابق وفاقی و صوبائی محکموں کا مشترکہ اجلاس رواں ماہ کے آخر میں ہوگا ۔اعلامیہ کے مطابق منشیات کی آن لائن خرید و فروخت روکنے کے لئے بھی پلان طلب کیا گیا ۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پروٹیکٹڈ صارفین کو اووربلنگ کی شکایات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے افسران اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔ اس کیلئے وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز کو احکامات جاری کر د ئیے ۔انہوں نے کہا کہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے یہ مجرمانہ فعل جس کی قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی ،محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے تمام صورتحال کا جائزہ لے اور حقائق کی روشنی میں بلا امتیاز ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لے ۔اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹیگری تبدیل ہونے سے صارفین پر کروڑوں کا اضافی بوجھ پڑا، پروٹیکٹڈ صارفین پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں اووربلنگ سے انکی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں