آپریشن کی بجائے دہشتگردی اسباب پر غورکیاجائے :حافظ نعیم

 آپریشن کی بجائے دہشتگردی اسباب پر غورکیاجائے :حافظ نعیم

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ انسان کی پرائیویسی میں اداروں کی مداخلت کہاں کا انصاف ہے ، فون ٹیپ کرناپاکستانیوں کے بنیادی حقوق میں مداخلت ہے۔

 کیسا نظام ہے جمہوریت کے چیمپئن کہلانے والے یہ اجازت دے رہے ہیں۔ جماعت اسلامی جعلی جمہوریت کے دعویداروں، انگریز کے ایجنٹوں سے ملک کو آزاد کرائے گی، حقیقی جمہوریت بحال کرائیں گے ، 12جولائی کا اسلام آباد دھرنا مہنگی بجلی، ناجائز ٹیکسز کیخلاف ہے ، بونیر کے عوام اور نوجوان اپنے حقوق کیلئے دھرنے میں شرکت کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج گراؤنڈ بونیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عطا الرحمن، امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر ابراہیم، سیکرٹری جنرل کے پی عبدالواسع اور امیر ضلع حلیم باچہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا حکمران سوشل میڈیا اور آزادی اظہار رائے پر پابندیاں لگا کر نوجوانوں کو دبانے کی جتنی بھی کوششیں کر لیں، کامیاب نہیں ہونگے ۔

ماضی کے ملٹری آپریشنز مقاصد میں ناکام رہے ،کسی بھی نئے آپریشن سے دہشتگردی میں اضافہ ہو گا۔ آپریشن نہ کرو، ہوش کے ناخن لو، دہشتگردی کے اسباب پر غور کیا جائے ، پاکستان اور افغانستان خطے میں امن کیلئے مذاکرات کریں، آپریشن کی بجائے کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد کی جائے ، مہنگائی کم ،عوام کو صحت، تعلیم،روزگار دیا جائے ، طاقتور افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی بجائے جو پہلے ٹیکس دے رہے ہیں ان پر بوجھ ڈال دیا گیا۔ فارم 47والے آئی پی پیز کو نواز اور عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں، آئی پی پیز مالکان ماضی اور موجودہ حکومت کا حصہ ہیں۔ حکمرانوں نے ملک کی معیشت تباہ کردی،عوام کو 77سال بعد بھی بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں